بلدیاتی انتخابات میں انتخابی نشانات سے متعلق غلطیاں الیکشن کمیشن کی ہیں، مقامی حکومتوں کا نظام جمہوریت کیلئے بہت ضروری ہے، دس سال بعد بلدیاتی انتخابات کاانعقاد خوش آئندہے

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 30 مئی 2015 17:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے دس سال بعد خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں انتخابی نشانات سے متعلق غلطیاں الیکشن کمیشن کی طرف سے ہیں، بلدیاتی الیکشن جمہوریت کیلئے بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ووٹ ڈالنے کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دس سال بعد بلدیاتی الیکشن ہوئے ہیں جو ایک خوش آئند بات ہے، بڑی حد تک انتظامی غلطیاں بھی دیکھنے کو آئی ہیں لیکن ہم نے تو پہلے ہی الیکشن کمیشن کو حساس پولنگ اسٹیشن سے متعلق آگاہ کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن جمہوریت کیلئے بہت ضرورت ہے، بلدیاتی انتخابات میں بیلٹ پیپرز پر انتخابی نشانات سے متعلق غلطیاں الیکشن کمیشن کی طرف سے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں مرکزی حکومت کا کوئی کردار نہیں، یہ سب صوبائی حکومت اور صوبائی الیکشن کمشنر کرا رہا ہے۔