حکومتی پارٹی منڈی بہاؤالدین کے ضمنی انتخاب میں پری پول دھاندلی سے باز رہے‘ میاں منظور احمد وٹو

ترقیاتی سکیموں کے اعلانات انتخابی ضابطہء اخلاق کی کھلے عام صریحاً خلاف ورزی ہے‘ صدر پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب

ہفتہ 30 مئی 2015 17:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدرمیاں منظور احمد وٹو نے حکومتی پارٹی کو خبردار کیا ہے کہ وہ منڈی بہاؤالدین کے ضمنی انتخاب میں پری پول دھاندلی سے باز رہے،اس وقت ترقیاتی سکیموں کے اعلانات انتخابی ضابطہء اخلاق کی کھلے عام صریحاً خلاف ورزی ہے،انتظامی ادارے بھی حکومت کی غیر رسمی ہدایات کے تحت حکومتی امیدوار کے لیے در پردہ کام کررہے ہیں جو کہ جمہورریت اور انتخابی عمل کی روح کے سراسر منافی ہے۔

یہاں سے جاری ایک بیان میں میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ اگر حکومت ان اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی تو پھر پیپلز پارٹی ضابطہء اخلاق کی خلاف ورزی کی الیکشن کمیشن سے شکایت کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار آصف بھگت کی NA-108 میں پوزیشن مضبوط ہے اور پارٹی کے مقامی عہدیدار اور کارکن اپنی متوقع وکٹری پر پُرامید ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے وزارت اعلیٰ کے دوران منڈی بہاؤالدین کو گجرات سے الگ کر کے ضلع بنایا تھا جسکی وجہ سے وہاں کے لوگوں کو کافی سہولیات میسر ہوئیں کیونکہ اب انکے کام گجرات کی بجائے منڈی بہاؤالدین میں ہی ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ منڈی بہاؤالدین کے باسی انکے امیدوار آصف بھگت کو ضرور بھاری اکثریت سے 8 جون کے ضمنی انتخاب میں ووٹ دیں گے۔ میاں منظور احمد وٹو کل بروز (اتوار) پھالیہ میں پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی کے امیدوار آصف بھگت کے حق میں جلسہ سے خطاب کریں گے۔ اسکے علاوہ پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکریٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ، اعجاز سماء، ڈویثرنل کوآرڈینیٹر گوجرانوالہ، دیوان شمیم، صدر پیپلز پارٹی منڈی بہاؤالدین، ذوالفقار رانجھا، چوہدری عاشق وڑائچ بھی خطاب کریں گے۔

یاد رہے کہ اس حلقہ سے پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی، اعجاز چوہدری کی ممبرشپ جعلی ڈگری کی وجہ سے مجاز اتھارٹی نے ختم کر دی تھی جسکی وجہ سے یہ سیٹ خالی ہوگئی تھی اور یہاں پر ضمنی انتخاب 8 جون کو ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :