این اے 122مبینہ دھاندلی کیس ،نادرا نے 1475صفحات پر مشتمل متفرق رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں جمع کر ادی

الیکشن ٹربیونل نے چیئرمین نادرا کے بیان اور جرح کے لیے سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی نادرا نے جعلی شناختی کارڈز کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے ،بہت سے شکوک و شبہات دور ہو گئے ‘ علی ایاز صادق چیئرمین نادرا علی ایازصادق کے دوست ہیں ،متفرق رپورٹ کے ذریعے دوستی نبھانے کی کوشش کی گئی ‘ شعیب صدیقی

ہفتہ 30 مئی 2015 17:09

این اے 122مبینہ دھاندلی کیس ،نادرا نے 1475صفحات پر مشتمل متفرق رپورٹ الیکشن ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء ) نادرا نے این اے 122مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت کرنیوالے الیکشن ٹربیونل میں 1475صفحات پر مشتمل متفرق رپورٹ جمع کرا دی، الیکشن ٹربیونل نے چیئرمین نادرا کو طلب کر تے ہوئے سماعت 13جون تک ملتوی کر دی ۔گزشتہ روز قائمقام چیئرمین نادرا نے این اے 122مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت کرنے والے الیکشن ٹربیونل میں متفرق رپورٹ پیش کی ۔

رپورٹ کے مطابق غلط شناختی کارڈ والے 6123 میں سے 96.7فیصد ووٹ درست ہیں ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 6123ووٹ کے شناختی کارڈ نمبر کا کاؤنٹر فائلز پر غلط درج ہونا انسانی خطا ء ہے اس لیے جب ووٹر لسٹوں کے ساتھ ان کا موازنہ کیا تو اکثر شناختی کارڈز درست پائے گئے ۔ رپورٹ کے مطابق صرف 204ووٹوں کو غلط ووٹ کہا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت قائم مقام چیئرمین نادرا نے ٹربیونل کو بتایا کہ چیئرمین نادران اس وقت ملک سے باہر ہیں اس لیے سماعت ملتوی کی جائے ۔

الیکشن ٹربیونل نے چیئرمین نادرا کے بیان اور جرح کے لیے سماعت 13جون تک ملتوی کر دی ۔ 1475صفحات پر مشتمل جمع کرائی جانیوالی متفرق رپورٹ میں انگوٹھوں کے نشانات اور دیگر شواہد واضح امیجز میں پیش کئے گئے ہیں۔ الیکشن ٹربیونل نے متفرق رپورٹ کی کاپیاں فریقین کے وکلاء کو فراہم کر دی ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے صاحبزادے علی ایاز صادق نے اپنے وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نادرا نے جعلی شناختی کارڈز کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے ۔

مذکورہ رپورٹ کے پیش ہونے کے بعد بہت سے شکوک و شبہات دور ہو گئے ہیں ۔ جن ووٹوں کی پہلے تصدیق نہیں ہوئی تھی انہیں بھی درست قرار دیا گیا ہے ۔ پی پی 147سے پی ٹی آئی کے ناکام رہنے والے امیدوار شعیب صدیقی نے اپنے وکلاء کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نادرا اسپیکر قومی اسمبلی کے صاحبزادے علی ایازصادق کے دوست ہیں اور متفرق رپورٹ کے ذریعے دوستی نبھانے کی کوشش کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے واضح ثبوت موجود ہیں اور جب جرح کی جائے گی تو مزید حقائق سامنے آ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نادرا چھٹیاں گزارنے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں لیکن عدالت نے انہیں 13جون کو طلب کیا ہے۔