جماعت اسلامی نے تنخواہوں اورپنشن میں پچاس فیصداضافے کیلئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

ہفتہ 30 مئی 2015 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے زرعی مداخل پرجنرل سیلزٹیکس کے خاتمے، تنخواہوں اورپنشن میں پچاس فیصد اضافے کے حوالے سے قرارداد پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔جمع کرائی جانے والی قرارداد میں کہاگیا ہے کہ ”اس ایوان کی رائے ہے کہ زراعت کے شعبہ میں زرعی مداخل پرجی ایس ٹی کوختم کیا جائے نیز بجٹ2015-16میں تنخواہوں اور پنشن میں پچاس فیصد اضافہ کیا جائے اور مزدور کی کم سے کم اجرت کو15ہزار ماہوارکیاجائے اور اس پر عملدرآمدکے قابل عمل نظام بنایاجائے نیز پنجاب میں بیروزگارنوجوانوں کے لئے بے روزگاری الاؤنس کاپیکج بنایاجائے“۔

علاوہ ازیں میڈیاکوجاری کردہ بیان ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہاکہ حکمرانوں کے عاقبت ناادیش فیصلوں کی بدولت مہنگائی کی شرح میں ہوشربااضافہ ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

بجلی،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے آئے روز نرخوں میں اضافے نے درحقیقت عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔لوگوں کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔رہی سہی کسر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے پوری کردی ہے۔

صنعتی یونٹس بند اور سرمایہ دار دوسرے ممالک میں اپناسرمایہ منتقل کررہے ہیں۔بجٹ اوررمضان المبارک کے قریب آتے ہی ناجائز منافع خوراور ذخیرہ اندوزسرگرم ہوچکے ہیں۔پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی عملاًغیرفعال ہوچکی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں خاطرخواہ اضافہ کے ساتھ مہنگائی کے سیلاب کوروکنے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کوفعال بنایاجائے۔