وزیراعظم کا آرمی چیف، وفاقی وزراء کے ہمراہ آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ

ہفتہ 30 مئی 2015 16:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے دہشت گردی کے واقعات کو ناکام بنانے کیلئے آئی ایس آئی کی کوششوں اور کامیابیوں کو سراہا ہے ۔ ہفتے کو اسلام آباد میں آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ڈیوٹی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنیوالے آئی ایس آئی کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اس اہم انٹلیجنس ایجنسی پر فخر ہے اور ان کے کردار اور کامیابیوں کو تسلیم کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک خوشحال اور پرامن پاکستان بنانے کیلئے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا خاتمہ بڑے چیلنجز ہیں، انہوں نے پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے غیر ملکی انٹلیجنس ایجنسیوں کی سازشوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو ایک پرامن اور خوشحال ملک بنانے کیلئے ہم سب مل کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا پڑیگا۔

انہوں نے تمام انٹلیجنس ایجنسیوں کو مزید فعال اور رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تمام خطرات کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بھارتی رہنماؤں کے حالیہ بیانات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھمکیوں اور خطرات سے نمٹنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائینگے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کے ساتھ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وفاقی وزراء چودھری نثار، خواجہ آصف، سینیٹر اسحاق ڈار اور وزارت خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

آئی ایس آئی کے سربراہ نے وزیراعظم اور فوج کے سربراہ کو اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کیخلاف جاری آپریشنوں کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو معلومات دی۔ وزیراعظم کو انٹلیجنس کی بنیاد پر کامیاب آپریشنز اور حالیہ کئی دہشت گردانہ واقعات کو ناکام بنانے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو تباہ کردیا گیا ہے ۔