سعودی عرب میں خودکش حملے منظم سازشوں و منصوبہ بندی کے تحت کیے جارہے ہیں، اسلام دشمن قوتیں دیگر مسلم ملکوں کی طرح سعودی عرب میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر قتل و غارت گری پروان چڑھانا چاہتی ہیں

امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کا تربیتی ورکشاپ سے خطاب

ہفتہ 30 مئی 2015 16:27

سعودی عرب میں خودکش حملے منظم سازشوں و منصوبہ بندی کے تحت کیے جارہے ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں خودکش حملے منظم سازشوں و منصوبہ بندی کے تحت کیے جارہے ہیں۔‘ اسلام دشمن قوتیں دیگر مسلم ملکوں کی طرح سعودی عرب میں بھی فرقہ وارانہ بنیادوں پر قتل و غارت گری پروان چڑھانا چاہتی ہیں۔آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں کشمیریوں نے پاکستانی پرچم لہراکر تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔

پاکستان میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری اور لسانیت پرستی پروان چڑھانے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ ملوث ہے۔ یہ ملک کلمہ طیبہ کی بنیاد پر لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کیا گیا۔ آج جماعةالدعوة ‘اسلام دشمن قوتوں کی آنکھوں میں اس لئے سب سے زیادہ کھٹکتی ہے کہ ہم مسلم امہ کو قدموں پر کھڑا کرنے کیلئے اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی بات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو یہاں مرکزخیبرنشاط آباد میں کارکنان کی تربیتی نشست سے خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ تربیتی پروگرام سے جماعة الدعوة پاکستان کے مرکزی رہنمامولانا نصر جاوید اور جماعةالدعوة فیصل آبادکے ناظم فیاض احمدنے بھی خطاب کیا۔ پروگرام میں شہر بھر سے جماعة الدعوة کے کارکنان و ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ مسلم ممالک متحد ہو کر سرزمین حرمین شریفین کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔

سعودی عرب میں خودکش حملے سرزمین حرمین شریفین کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی خوفناک سازش ہے۔ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے۔ان حالات میں کہ جب سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد حوثی باغیوں کے خلاف بھرپور اندازمیں آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے ،وہاں خودکش حملے منظم سازشوں و منصوبہ بندی کے تحت کیے جارہے ہیں جو لوگ ان حملوں میں ملوث ہیں وہ یقینا دشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے اور اسلام کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانا ظاہر کرتا ہے کہ کشمیری بھارت کے ناجائز تسلط کو برداشت نہیں کرتے۔ کشمیری کل بھی ہمارے ساتھ تھے، ان کے دل آج بھی پاکستان کے لیے دھڑکتے ہیں۔ انڈیا نے آج تک پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا اوراس کے خلاف سازشوں میں شریک ہے۔ہم تو پہلے بھی یہی کہتے رہے ہیں کہ پاکستان میں جتنے بڑے مسائل ہیں،چاہے وہ فرقہ وارانہ تعصبات ہوں‘دہشت گردی اور لسانیت کی بنیاد پر قتل وغارت گری ہو ،اس میں بھارت سرکار کی خفیہ ایجنسی”را“ملوث ہے۔

آج یہ سب باتیں درست ثابت ہو رہی ہیں۔بیرونی قوتیں منظم سازشوں اور منصوبہ بندی کے تحت پاکستان میں غیر اسلامی کلچر و ثقافت پروان چڑھا رہی ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ اسلام انسانیت کی خدمت اور فلاح کادین ہے۔ ہم خدمت اوردعوت کے ذریعے معاشرے میں تعمیری کردار ادا کررہے ہیں۔کارکنان دعوت اور خدمت کی بنیاد پر ملک سے بدامنی کے خاتمہ کے لیے مضبوط کردار ادا کریں۔