انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر سیف چائلڈ فاؤنڈیشن کی مسلم لیگ ہائی سکول کے طلبا کے ساتھ آگاہی واک

ہفتہ 30 مئی 2015 16:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر این جی او سیف چائلڈ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تمباکو نوشی و شیشہ سموکنگ کے خلاف مسلم لیگ ہائی سکول کے طلبا کے ساتھ واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ممبر ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی شہزاد انجم بیگ نے کی واک کا مقصد تمباکو نوشی کے عالمی دن کے حوالے سے پاکستان کی نوجوان نسل اورعوام کو تمباکو نوشی وشیشہ نوشی کے مضر اثرت سے آگاہ کرناتھا۔

(جاری ہے)

شہزاد انجم بیگ نے طلبا سے مختصر خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل ملک پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اپنے بہتر مستقبل کے لیئے تمباکونوشی و شیشہ سموکنگ سے پرہیز کرتے ہوئے اپنی تعلیم پر توجہ دیں سیگریٹ نوشی و شیشہ سمونگ منشیات کی پہلی سیڑھی ہے منشیات درحقیقت موت کا راستہ ہے والدین اپنے بچوں پر خصوصی توجہ دیں کم عمری میں بچوں کا سیگریٹ نوشی و شیشہ سموکنگ کرنا والدین کی عدم توجہ ہے انہوں نے سکول انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ تمباکونوشی و شیشہ سموکنگ اور منشیات کے خلاف طلبا کو باشعور بنائیں تاکہ صحت مند معاشرہ قائم رہے تاہم سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے شیشہ سموکنگ پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔