دادو شہر سے 52 کلو میٹر دور کیرتھر بلاک کے رزق۔ون کنوئیں سے گیس دریافت

ہفتہ 30 مئی 2015 16:11

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) پولش آئل اینڈ گیس کمپنی کو کیرتھر بلاک کے رزق۔ون کنوئیں سے گیس کی دریافت میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ یہ بلاک دادو شہر سے 52 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور یہ اس بلاک میں دوسری دریافت ہے۔ پہلی دریافت رحمن۔ون سے ہوئی تھی۔ گیس کی پہلی دریافت 2012ء میں ہوئی تھی۔ پی جی این آئی جی کے ساتھ ساتھ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کا بھی اس بلاک میں 30 فیصد حصہ ہے۔

رزق۔ون کنواں 10 اکتوبر 2014ء کو کھودا گیا اور اس کی گہرائی 31 سو 73 میٹر ہے ۔ پیداواری اقدامات کا آغاز رواں سال 12 مئی کو شروع ہوا اور ابتدائی طور پر رزق۔ ون کنویں سے پیداوار حاصل نہیں ہو سکی تھی تاہم اس کے بعد 10.7 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دریافت ہوئی کیتھر جوائنٹ وینچر اس منصوبے سے تیزی کے ساتھ پیداوار حاصل کرنے کی حکمت عملی پر کام کر رہا ہے جس سے حکومت کو رائلٹی اور ٹیکسوں کی مد میں دیگر ادائیگیاں کرنے کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

پی جی این آئی جی پاکستان میں 1997ء سے کام کر رہی ہے اور کیرتھر جوائنٹ وینچر میں اس کی سرمایہ کاری 108 ملین ڈالر ہے جس میں رحمان۔ون اور رزق ۔ون کنوؤں کی کھدائی کے ساتھ ساتھ دیگر ارضیاتی تجزیئے بھی شامل ہیں۔ کیرتھر بلاک میں حاصل ہونے والی اس نئی کامیابی سے پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش میں مزید سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی۔

متعلقہ عنوان :