خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات ، پشاور ، مردان ، صوابی ، نوشہرہ اور لوئر دیر میں ناخوشگوار واقعات کے بعد فوج طلب

، نوشہرہ کی یونین کونسل رشکئی کے آٹھ پولنگ سٹیشنوں پر ووٹنگ کا عمل روک دیاگیا

ہفتہ 30 مئی 2015 16:06

پشاور۔30 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء ) پشاور ،مردان، صوابی ، نوشہرہ اور دیر لوئر میں بلدیاتی انتخابات کے دوران جھڑپوں اور ہنگامہ آرائی کے بعد فوج کو طلب کرلیاگیا ہے ، نوشہرہ میں مختلف پارٹیوں کے مشتعل کارکنوں نے بیلٹ بکسوں کو توڑ کر ووٹوں کو آگ لگادی جبکہ یونین کونسل رشکئی کے تمام آٹھ پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ روک دی گئی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نوشہرہ ذکاء الله کے مطابق مختلف پارٹیوں کے کارکنوں نے دھاندلی کے الزامات کے بعد بیلٹ بکس توڑ دیئے اور ووٹوں کو آگ لگادی جس کے بعد فوج نے بقیہ بیلٹ بکسوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ، ڈپٹی کمشنر کے مطابق یونین کونسل رشکئی کی تمام آٹھ یونین کونسلوں میں فوری طور پر پولنگ کا عمل روک دیا ہے ۔انہوں نے بتایا ناخوشگوار واقعہ مناسب سیکورٹی نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صوبے کے مختلف شہروں میں مختلف امیدواروں کے حامیوں کی طرف سے دھاندلی کے الزامات کے نتیجے میں جھڑپیں ہوئی جس کے دوران کارکنوں نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں اور کلہاڑیوں کے وار کرنے کے علاوہ فائرنگ بھی کی ، حالات پر قابو رکھنے کیلئے انتظامیہ نے فوج کی مدد حاصل کرلی اور پشاور ، مردان ، صوابی ، نوشہرہ اور لوئر دیر کے بعض پولنگ سٹیشنوں پر ہنگامہ آرائی کے واقعات کے بعد فوج کو طلب کرلیاگیا ہے