اعلی تعلیم کے فروغ کے بغیر اقتصادی ترقی کا حصول ناممکن ،تعلیم کے ساتھ تحقیق پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ‘حکومت انسانی وسائل کی ترقی کے لیے معیاری تعلیم کو عام کرنے کے لیے عملی طور پر کوشاں ہیں

گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 30 مئی 2015 15:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اعلی تعلیم کے فروغ کے بغیر اقتصادی ترقی کا حصول ناممکن ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت انسانی وسائل کی ترقی کے لیے معیاری تعلیم کو عام کرنے کے لیے عملی طور پر کوشاں ہیں،ہمارے ملک کی سرکاری یونیورسٹیاں تعلیم کے شعبے میں درخشاں روایات کی حامل ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ، ان خیالات کا اظہار انہو ں نے مختلف سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے علیحدہ علیحدہ ان سے تعارفی ملاقات کی ۔

گورنر پنجاب جو صوبے کے سرکاری یونیورسٹیوں کے چانسلرز بھی ہیں نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر مجاہد کامران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم میں ترقی یافتہ قوموں کا مقابلہ کرنے کے لیے تحقیق کا فروغ ناگزیر ہے اور یونیورسٹی کی سطح پر طلباء میں ریسرچ کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنا ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری پر وائس چانسلر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہمیں تعلیمی اداروں اور مارکیٹ کے درمیان بہتر تعاون کو بڑھانا ہو گا۔

فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ثمینہ امین سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرپنجاب نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ہماری خواتین تعلیم کے میدان میں کسی سے کم نہیں اور دیگر شعبوں کی طرح انہوں نے اس شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے ۔گورنرپنجاب نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں تعلیم و تدریس کے معیار کو سراہا ۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے ڈاکٹر محمد خلیق الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ گورنمنٹ کالج کا شمار ملک کے قدیم اور بہترین اداروں میں ہوتا ہے اور آج بھی اس ادارے میں داخلے کاحصول ہر طالب علم کا خواب ہے۔

انہوں نے گورنمنٹ کالج میں بیچلر اور ماسٹر کی سطح پر نئے پروگرام شروع کرنے ، خصوصا ایم فل میں طلباء کی حوصلہ افزائی پر وائس چانسلر کی کوششوں کو سراہا ۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وی سی میجرجنرل محمد اسلم ، لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی کی وا ئس چانسلر صبیحہ منصور ، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشانے بھی گورنر پنجاب سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے وائس چانسلرز کو تحقیق کو فروغ دینے اور تعلیم کو موجود ہ ملکی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی اور انہیں اعلی تعلیم کے فروغ اپنی ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثناء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس اعجاز احمد چودھری کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطافرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے - آمین -