کوئٹہ ‘ سانحہ مستونگ کے لواحقین کی وزیراعلی ہاوٴس کے اندر داخل ہونے کی کوشش ‘پولیس کی شیلنگ ‘ مظاہرین منتشر

ہفتہ 30 مئی 2015 15:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین نے وزیراعلی ہاوٴس کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ بھی کی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو ضلع مستونگ میں گزشتہ روز دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بننے والے 21 مسافروں کے لواحقین کی جانب سے وزیراعلی ہاوٴس کے باہر دھرنا دیا گیا جن سے مذاکرات کے لئے وزیراعلی عبدالمالک بلوچ خود آئے اور شرکا سے بات کی تاہم وزیراعلی کے جانے کے بعد مشتعل مظاہرین نے وزیراعلی ہاوٴس کے اندر گھسنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

واقعہ کے بعد گورنر اور وزیراعلی ہاوٴس سے سیکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ۔اس سے قبل ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں غم کا احساس ہے اور مجھ سمیت پورے ملک کے لوگ اس غم میں آپ کے ساتھ ہیں، مستونگ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے انہیں ضرور عبرت کا نشان بنائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روزکوئٹہ سے کراچی جانے والی 2 مسافر کوچوں کو دہشت گردوں نے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں یرغمال بنا لیا تھا جس کے بعد 20 مسافروں کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔