ایبٹ آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

ہفتہ 30 مئی 2015 15:03

ایبٹ آباد ۔ 30مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) ضلع ایبٹ آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا سلسلہ جاری ہے اور ایبٹ آباد کی 51یونین کونسلوں کے عوام اپنے نمائندوں کے چناؤ کیلئے حق رائے دیہی استعمال کررہے ہیں تاہم ہفتہ کی صبح ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ بوئی کے پولنگ سٹیشن نمبر4میں تحریک انصاف اورمسلم لیگ(ن)کے کارکنوں میں تصادم کے باعث پولنگ کاسلسلہ روک دیا گیا۔

گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 4ایبٹ آباد کے پولنگ سٹیشن میں بھی پریذائیڈنگ آفیسر اورووٹرز میں جھگڑا ہوا جس کے باعث اس پولنگ سٹیشن میں بھی پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔ ایبٹ آباد کی 51 یونین کونسلوں میں ضلع کونسل کیلئے 239 اور تحصیل کونسل کیلئے253 امیدواروں میں مقابلہ ہے۔، ضلع ایبٹ آباد کی جنرل نشستوں کیلئے 1903، خواتین کی نشستوں کیلئے 526، کسان کونسلرز کی نشستوں کیلئے 810، یوتھ کیلئے 729 جبکہ اقلیتی نشستوں کیلئے 23 امیدوارآمنے سامنے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع ایبٹ آباد میں مجموعی 646 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 250 پولنگ سٹیشن حساس اور 135 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں، 1668 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں 907 مردوں کیلئے جبکہ 761 خواتین کے پولنگ بوتھ شامل ہیں۔ ضلع ایبٹ آباد میں51 یونین کونسلوں میں تحصیل ایبٹ آباد کی 38 جبکہ تحصیل حویلیاں کی 13 یونین کونسلیں شامل ہیں۔بوئی اورنمبر4سکول ایبٹ آباد میں پولنگ کا عمل بحال کرنے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفسیر ایبٹ آباد خالد محمود سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایاکہ ان پولنگ سٹیشنوں میں حالات پر قابوپالیا گیا ہے اورپرامن طریقے سے پولنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے تمام پولنگ سٹیشنوں میں پرامن طورپر پولنگ کا سلسلہ جاری ہے اورکسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں عوام براہ راست ان کے دفتر کے نمبر0992-93100200پررابطہ کرسکتے ہیں۔عوام کی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔