Live Updates

عمران خان کیخلاف20 ارب ہرجانہ کیس؛ عدالت نے بابر اعوان کے وکالت نامے پر دائر اعتراض کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

ہفتہ 30 مئی 2015 13:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کیخلاف سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے بیس ارب ہرجانے کیس میں عدالت نے بابر اعوان کے وکالت نامے پر دائر اعتراض کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا عدالت فیصلہ آئندہ چند روز میں جاری کرے گی ۔ہفتے کے روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام محمد تنویر میر کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے شیخ احسن الدین شیخ ایڈووکیٹ جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے خاور امیر بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود ڈاکٹربابر اعوان نے وکالت نامے پر اعتراض کا جواب داخل نہیں کرایا جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے جس پر خاور امین بخاری ایڈووکیٹ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو اس مقدمے کی سماعت کا اختیار ہی حاصل نہیں ہے کیونکہ کوئی بھی ضلعی عدالت دس کروڑ سے زائد مالیت کے ہرجانے کیس کو نہیں سن سکتی ۔

(جاری ہے)

عدالت نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود اب تک جواب داخل کیوں نہیں کرایا گیا اس پر خاور امین بخاری نے کہا کہ ہماری درخواستوں پر جواب بھی مدعی کے وکلاء نے کبھی نہیں دیا عدالت یکطرفہ طورپر ہماری درخواستیں مسترد کرچکی ہے فاضل عدالت نے کہا کہ اگر آپ کو عدالت کے کسی حکم پر اعتراض ہے تو آپ اس کو چیلنج کرنے ہائی کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں بعد ازاں عدالت نے وکالت نامے پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔

بعد ازاں کمرہ عدالت کے باہر آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیخ احسن الدین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخالف فریقین عدالت کے وقار کو مجروح کررہے ہیں عدالتی احکامات نہ ماننا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے جبکہ خاور امیر بخاری نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کا ا حترام کرتے ہیں لیکن آئین و قانون کے دائرے کے اندر اعتراض اٹھانا ہمارا حق ہے اس لئے ہم اپنا حق استعمال کررہے ہیں

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :