کارکن ہرضلع میں بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں، تنہا نہیں چھوڑیں گے؛چوہدری شیر علی

ہفتہ 30 مئی 2015 13:03

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وہ ہر ڈسٹرکٹ اور سٹی میں بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں، بلدیاتی نظام کے تحت یوتھ ونگ یو۔سی لیول پر عوام کی بہتر خدمت کے لئے الیکشن لڑنے کے لئے تیار ہوجائیں ، آپ ہی مستقبل کی قیادت ہیں ، ہماری قیادت نے ہمیں اخلاق اور شائستہ زبان استعمال کرنے کا درس دیا ہے اور سڑکوں پر نکلنے سے منع کیا ہے ورنہ ہم بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دے سکتے تھے مسلم لیگ کا اقتدار عوام کی خدمت کے لئے ہے ۔

بہت سے لوگ مسلم لیگ کی موجودہ کارکردگی سے خوفزدہ ہیں ۔ اس لئے نت نئے بحران پید ا کئے جاتے ہیں ۔ لیکن نوازشریف اور اس کی ٹیم کی نیک نیتی کی بدولت اللہ ہمیں ہر امتحان میں کامیاب کرتا ہے، بجلی کی وزارت کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا تھااور انشاء اللہ ۲۰۱۷ کے آخر تک لوڈ شیڈنگ سے ہمیشہ کے لئے نجات حاصل کر لیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے زیراہتمام ایک تقریب میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا یوتھ ونگ پنجاب میں متحر ک ہو چکا ہے۔ نوجوانوں کو مزید منظم کرنے کے لئے رمضان کے بعد پنجاب کا تنظیمی دورہ کر کے ان کو بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کے لئے تیار کریں گے۔ وزیرِاعظم نوازشریف، ان کے خاندان اور جماعت کے لئیے ایٹمی طاقت سے معاشی طاقت تک کا سفر آسان سفر نہیں ہے اس میں بہت سی مشکلات آئیں گئی لیکن انشا ء اللہ فتح مسلم لیگ، عوام اور پاکستان کی ہوگی، یوتھ ونگ کے نوجوان وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لئے کسی آئٹم بم سے کم نہیں ہیں۔