آئندہ اگر یو این ڈی پی نے سنگین غلطی کی تو معاملے اقوام متحدہ سے باضابطہ احتجاج کیا جائے گا ، سفارتی سطح پر دفتر خارجہ کے ذریعے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کے لئے تجویز دی جائے گی

وفاقی وزیر موسمیاتی تغیرات سینیٹر مشاہد الله کا یو این ڈی پی رپورٹ میں کشمیر کو پاکستان کے نقشے میں ظاہر نہ کرنے پر نوٹس

ہفتہ 30 مئی 2015 12:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تغیرات سینیٹر مشاہد الله نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام یو این ڈی پی کی اپنی رپورٹ میں کشمیر کو پاکستان کے نقشے میں ظاہر نہ کرنے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے وارننگ جاری کی ہے کہ آئندہ اگر یو این ڈی پی نے ایسی سنگین غلطی کی تو اس معاملے پر نہ صرف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے باضابطہ احتجاج کیا جائے گا بلکہ سفارتی سطح پر بھی دفتر خارجہ کے ذریعے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کے لئے تجویز دی جائے گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں یو این ڈی پی اور وزارت موسمیاتی تغیرات کی مشترکہ رپورٹ کے اجراء کے ساتھ جاری ہونے والے بروشر میں کشمیر کو پاکستان کا حصہ نہ دکھانے کو چھپائی کی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویب سائٹ پر پاکستان کے درست نقشے والا بروشر اپ لوڈ کردیا گیا ہے۔ یو این ڈی پی کے اسلام آباد میں اسسٹنٹ کنٹری ڈائریکٹر امان الله خان نے کہا کہ پاکستانی نقشے میں دکھایا گیا مقبوضہ کشمیر اس لئے واضح طور پر ظاہر نہیں ہوپایا کہ مقبوضہ کشمیر کا رنگ اور اس بروشر کے صفحے یا بیک گراؤنڈ کا رنگ ایک تھا۔