حکمرانوں میں شرافت نہیں صرف نام کے شریف ہیں،انصاف کی فراوانی اورتحریک انصاف کی حکمرانی ایک ساتھ آئیگی

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حامدسرورکابیان

جمعہ 29 مئی 2015 22:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حامدسرورنے کہا ہے کہ حکمرانوں میں شرافت نہیں صرف نام کے شریف ہیں۔قومی چوروں کااحتساب عمران خان کے سواکوئی نہیں کرسکتا۔پاکستان میں انصاف کی فراوانی اورتحریک انصاف کی حکمرانی ایک ساتھ آئے گی۔نیاپاکستان بنانے کیلئے عمران خان کووزیراعظم منتخب کرناہوگا،پاکستان میں تبدیلی کاراستہ عمران خان کے ویڑن سے ہوکرجاتا ہے۔

جعلی جمہوریت آمریت سے ہزارگنابدترہوتی ہے۔سرمایہ دارحکمران طبقہ اپنے دماغ کی بجائے معدے سے سوچتا ہے۔ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی نہیں صرف شریف برادران کی مرضی چلتی ہے۔جمعہ کو اپنے ایک بیان میں حامدسرورنے مزید کہا کہ حقوق سے محروم اوراپنے پیاروں کے جنازے اٹھانے والے پسماندگان احتجاج نہ کریں توپھرکیا کریں۔

(جاری ہے)

پولیس گردی کے بل پرحکومت کرنیوالے تھانہ کلچر تبدیل نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے شہریوں کی حفاظت کرنے کی بجائے الٹاان کے خون سے ہولی کھیلناشروع کردی ہے ،حکمران پولیس گردی روکنے کی بجائے اس شرمناک کلچر کوفروغ دے رہے ہیں۔وفاق سے پنجاب تک''گورگورننس ''کوگڈگورننس کانام نہیں دیا جاسکتا،بندے مار نظام کوتبدیل کرنے کاوقت آگیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بتائے ڈسکہ میں ایس ایچ اوکے ہاتھوں قتل ہونیوالے وکلاء کاقصور کیا تھا ،ان کے یتیم بچے انصاف مانگ رہے ہیں۔احتساب کے ڈر نے آصف زرداری اورمیاں نوازشریف کوبھائی بھائی بنادیا۔