الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں خواتین کے ووٹ دینے کویقینی بنائے،رابطہ کمیٹی ایم کیوایم

جہاں خواتین کو ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم کیاجائے انتخابی نتائج کوکالعدم قراردے کر دوبارہ الیکشن کرائے جائیں

جمعہ 29 مئی 2015 22:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ وہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں خواتین کو بھی آزادی کے ساتھ حق رائے دہی استعمال کرنے کویقینی بنائے اورجوجماعتیں خواتین کوووٹ دینے سے محروم کرنے کے گھناؤنے وغیرجمہوری عمل میں ملوث ہیں ان پرالیکشن میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی جائے۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ خواتین کے حقوق کی تنظیمیں اورغیرملکی ذرائع ابلاغ اپنی رپورٹس میں مسلسل اس خدشہ کااظہار کررہے ہیں کہ خیبرپختونخوامیں بیشترسیاسی ومذہبی جماعتوں نے ماضی کی طرح گٹھ جوڑکرکے صوبہ کے بیشترعلاقوں خصوصاً پسماندہ علاقوں میں خواتین کو ان کے ووٹ کے حق سے محروم کرنے کافیصلہ کرلیاہے۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اعدادوشمارکے مطابق خیبرپختونخوا میں 43فیصد ووٹروں کی تعدادخواتین پر مشتمل ہے اورجس الیکشن میں اتنی بڑی تعدادمیں ووٹرزکوووٹ ڈالنے کے حق سے محروم کیاجائے تووہ الیکشن نہ تومنصفانہ کہا جاسکتا ہے اورنہ ہی جمہوری قرار دیا جاسکتاہے۔

رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیاکہ خیبرپختونخوا میں ووٹنگ کاعمل غیرجانبدارمبصرین اورفوج کی زیرنگرانی کرایاجائے اوراس بات کویقینی بنایا جائے کہ خواتین سمیت صوبہ کاایک ایک ووٹراپنے حق رائے دہی کوکسی خوف اورجبرکے بغیر استعمال کرسکے۔انہوں نے مزیدکہاکہ جس علاقہ میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم کیاجائے وہاں کے انتخابی نتائج کوکالعدم قراردے کر غیرجانبدارمبصرین کی نگرانی میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں اور جو جماعتیں خواتین کوووٹ کے حق سے محروم کرنے کے گھناؤنے عمل میں ملوث پائی جائیں ان پر الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی جائے ۔