مسلح ڈکیتی کی تین وارداتوں کے دوران خواتین کو نقدی،زیورات،غیر ملکی کرنسی و دیگر اثاثہ جات سے محروم کر دیا

جمعہ 29 مئی 2015 22:20

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء )مسلح ڈکیتی کی تین وارداتوں کے دوران خواتین کو نقدی،زیورات،غیر ملکی کرنسی و دیگر اثاثہ جات سے محروم کر دیا گیا ہے جبکہ مزاحمت پر ڈاکو حساس ادارے کے ملازم کو گولی مار کر زخمی کر گئے ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ منڈی موڑ میں دو مسلح افراد نے حساس ادارے کے باورچی حکم دین سے نقدی چھیننے کی کوشش کی ،مسلح افراد نے ملازم کو ٹانگ پر گولی مار کر زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے ،پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو حساس ادارے کے ملازم سے کچھ بھی چھیننے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

تھانہ کوہسار کے علاقہ ایف سیون تھری میں غیر ملکی خاتون ماریہ سے دو مسلح افراد پندرہ یورو،پانچ سو روپے،موبائل فون،پاسپورٹ و دیگر کاغذات چھین کر لے گئے اور تھانہ لوہی بھیر کے علاقہ میڈیا ٹاؤن میں چار مسلح افراد امجد علی کی اہلیہ کو یرغمال بنا کر پندرہ تولے سونا اور ستر ہزار روپے نقدی بھی چھین کر لے گئے