اسلام آباد میں شادی سے انکار پر نوجوان کو قتل کرنے والی لڑکی راولپنڈی سے گرفتار

ملزمہ نوجوان کو قتل کرنے کے بعد بہن کے گھر سیدپور چلی گئی تھی‘لڑکے سے فون پر دوستی ہوئی شادی نہ کرنے پر قتل کیا

جمعہ 29 مئی 2015 22:19

اسلام آباد میں شادی سے انکار پر نوجوان کو قتل کرنے والی لڑکی راولپنڈی ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) شادی سے انکار پر نوجوان کو قتل کرنے والی لڑکی کو سید پور روڈ راولپنڈی سے گرفتار کرلیا گیا ، ملزمہ نوجوان کو قتل کرنے کے بعد بہن کے گھر جا پہنچی تھی ۔ جمعہ کو پولیس نے راولپنڈی کے علاقے سید پور میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر شادی سے انکار کرنے پر صدر نامی نوجوان کو قتل کرنے والی لڑکی ثناء بی بی کو گرفتار کرلیا ۔

ملزمہ نے پولیس کو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ اس کی 2011ء میں بلال صفدر نامی نوجوان سے فون پر دوستی ہوئی تھی ، بلال صفدر ایئرفورس میں ریڈار مین تھا اور وہ اس سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن بلال اسے مسلسل روک رہا تھا اور ٹال مٹول سے کام لے رہا تھا حتیٰ کہ وہ مقتول کے گھر پنڈی گھیب بھی گئی جہاں پر اس نے مقتول کے والدین سے بھی ملاقات کی انہوں نے بھی شادی کا حیلہ تو دیا لیکن اس کو عملی جامعہ نہ پہنایا ، ملزمہ نے بتایا کہ بالاآخر تنگ آکر اس نے بلال کو قتل کرنے کا اقدام اٹھایا ، دوسری طرف مقتول بلال صفدر کے ماموں ظفر نے مقدمے کی ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کے بھانجے کے ثناء بی بی سے فون پر تعلقات تھے لیکن جب ثناء نے اسے شادی کیلئے کہا تھا اس نے انکار کردیا پھر ملزمہ ان کے آبائی گھر پنڈی گھیب گئی جہاں پر میرے بہنوئی ،بہن اور ہم سب نے رشتے سے انکار کردیا جس کے بعد اس نے کہا کہ اگر بلال صفدر مجھ سے شادی نہیں کرے گا تو میں اسے قتل کر دوں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز میرا بھانجا ملزمہ کو موٹر سائیکل پر لیکر ایف نائن پاک کی طرف جارہا تھا کہ ملزمہ نے میرے بھانجے کو سیکٹر جی نائن تھری کے علاقے جوہر مسجد کے قریب گولی ماردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اسے فوراً پمز ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ پولیس نے مدعی کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا اور کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کرکے اس سے مزید تفتیش شروع کردی ۔

متعلقہ عنوان :