جماعۃالدعوۃ میانمار میں تشددسے ہجرت پر مجبور ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کی بھرپور امداد کر رہی ہے، فیصل ندیم

انڈونیشیا میں پناہ گزین روہنگیا مسلمانوں میں ابتدائی طور پر لاکھوں روپے مالیت کی اشیائے ضروریہ تقسیم کی گئی ہیں جلد مزید امدادی سامان بھجوایا جائے گا

جمعہ 29 مئی 2015 22:11

جماعۃالدعوۃ میانمار میں تشددسے ہجرت پر مجبور ہزاروں روہنگیا مسلمانوں ..

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) امیر جماعۃالدعوۃ سندھ فیصل ندیم نے کہاہے کہ جماعۃالدعوۃ میانمار میں تشددسے ہجرت پر مجبور ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کی بھرپور امداد کر رہی ہے، انڈونیشیا میں پناہ گزین روہنگیا مسلمانوں میں ابتدائی طور پر لاکھوں روپے مالیت کی اشیائے ضروریہ تقسیم کی گئی ہیں جلد مزید امدادی سامان بھجوایا جائے گا، مخیر حضرات مظلوم روہنگیا مسلمانوں کی امداد کیلئے آگے بڑھیں اور ان کی مددکا فریضہ سرانجام دیں۔

وہ بعد نماز جمعہ شہر کے معززین سے مرکز سعد بن معاذ میں ملاقات میں ملاقات کر رہے تھے۔فیصل ندیم نے کہاکہ برما میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی گئی ہے بدھسٹوں کی جانب سے بڑی تعداد میں نہتے مسلمانوں کا قتل عام کیا گیاجس پر ہزاروں مسلمانوں ہجرت کر کے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں کثیر تعداد میں لوگ اب بھی ہسپتالوں، جیلوں میں پڑے ہوئے ہیں اور جوکشتیوں پر بیٹھ کر سمندر کے راستے برما سے نکلے انہیں کوئی ملک پناہ دینے کیلئے تیار نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا نے چند ہزارمسلمانوں کو پناہ دی ہے اسی طرح ترکی نے ان کی مدد کا اعلان کیا ہے جماعۃالدعوۃ بھی اپنے ان بے بس اور لاچار روہنگیا مسلمانوں کی امداد کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، انہوں نے کہاکہ انڈونیشیا میں جہاں روہنگیا مسلمان پناہ گزیں ہیں وہاں امدادی سامان تقسیم کیا جارہا ہے، روہنگیا مسلمانوں کا کہنا ہے کہ انڈونیشیاحکومت کے بعد پاکستان سے یہ پہلی امداد ان کے پاس پہنچی ہے جس پر ہم پاکستانی بھائیوں کے بے حد مشکور ہیں، فیصل ندیم نے کہاکہ امریکا و یورپ اپنے ملکوں میں جو چاہیں قانون سازی کریں ان کا معاملہ الگ ہے۔

(جاری ہے)

مسلمانوں کا غیر اسلامی نظاموں کو قبول کرنا فطرت کے خلاف جنگ کے مترادف ہے ہر شخص تسلیم کرتا ہے کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے لیکن عمل اس کے خلاف ہے یہی وجہ ہے کہ مسلمانوں کے مسائل حل نہیں ہو رہے جب حقوق کا غصب ختم ہوتا ہے توملک و معاشرے امن و امان کے گہوارے بن جاتے ہیں، نبی اکرم ﷺ نے ایسی اخوت اور بھائی چارے کا نظام قائم کیا تھا کہ ہر قسم کا بگاڑ ختم ہو کر رہ گیا تھا، انہوں نے کہاکہ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے بظاہر دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے جنگ شروع کی لیکن سب سے زیادہ دہشت گردی یہی پروان چڑھا رہے ہیں، افغانستان میں بارود برسا کر سات لاکھ مسلمانوں کو شہید کر دیا گیا عراق میں کیمیائی ہتھیاروں کی موجودگی کا الزام لگا کر دس لاکھ مسلمان شہید کر دیے گئے افسوسناک امر یہ ہے کہ صلیبیوں ویہودیوں کے پروپیگنڈا کو بھی سچ تسلیم کیاجاتا ہے ‘کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں ہے کہ تمہاری طرف سے لگایا گیا ایک بھی الزام بھی ثابت نہیں ہواتو پھر ان لاکھوں مسلمانوں کے قتل کا ذمہ دار کون ہے؟سچ بات یہ ہے کہ اتحادی ممالک انسانی حقوق کے محافظ نہیں بلکہ انسانوں کے قاتل ہیں اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ مسلم ملکوں میں ان کے باطل نظام چلانے سے قتل و غارت گری اور فتنہ و فساد مزید پھیلے گا، انہوں نے کہاکہ امدادی سامان میں صوبہ سندھ کی جانب سے بھی ایک خطیر رقم برما کے مظلوم مسلمانوں کیلئے بھیجی جاچکی ہے اور مزید ان کیلئے خوراک اور ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کا سامان پہنچانے کے حوالے سے امدادی مہم کا بھی آغاز کیا گیا ہے اس سلسلے میں سندھ بھر کے تاجروں ، صنعتکاروں اور دیگر صاحب حیثیت افراد سے رابطہ مہم شروع کی جاچکی ہے ، انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ ان مظلوم مسلمانوں کی بھرپور مدد کیلئے اپنا کر دار ادا کرتے ہوئے آگے بڑھیں انشاء اﷲ جماعۃ الدعوۃ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن آپ کی جانب سے عطیہ کی گئی رقم اور اشیاء ان مظلوم بے کس مسلمانوں تک پہنچائے گی۔

متعلقہ عنوان :