ناجائز ہائیڈرنٹس اور ٹینکر مافیا کی سر پرستی میں واٹر بورڈ اور حکومت ملوث ہیں ،مظفر احمد ہاشمی

کے ۔الیکٹرک نے معاہدہ نج کاری کے تحت بجلی کی پیدا وار میں کوئی اضافہ نہیں کیا ،داؤد چورنگی پر مظاہرے سے خطاب کے ۔الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے ۔محمد اسلام ،مظاہرے سے مولانا عبدالعزیز ،مولانا شاکر اﷲ ،مرزا فرحان بیگ ، اور دیگر نے بھی خطاب کیا

جمعہ 29 مئی 2015 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی میں ناجائز واٹر ہائیڈرنٹس اور ٹینکر مافیا کی سرپرستی میں واٹر بورڈ کا عملہ و افسران اور حکومتی اہلکار ملوث ہے ۔نعمت اﷲ خان کے دور میں K-3منصوبے سے پانی کی فراہمی میں 100ملین گیلن یو میہ کا اضافہ ہوا K-4کے منصوبے کو تعطل کا شکار کر کے پانی کے مزید اضافے کو یقینی نہیں بنایا گیا ۔

کے الیکٹرک عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے ۔کے الیکٹرک نے نج کاری کے بعد بجلی کی پیدا وار میں کوئی اضافہ نہیں کیا ۔عوام بجلی ،پانی ،ٹرانسپورٹ اور دیگر مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے تحت داؤد چورنگی قائد آباد پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ایک بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم محمد اسلام ، مولاناعبدالعزیز ،مولانا شاکر اﷲ ،محمد نواب خان ،مرزافرحان بیگ ،مولانا اقبال اﷲ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔مظاہرین نے واٹر بورڈ ،کے ۔الیکٹرک اور حکومت کے خلاف پر زور نعرے لگائے ۔بجلی دو ،پانی دو کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین نے بڑے بڑے بینرزاور پلے کارڈ ز اُٹھائے ہوئے تھے ۔مظفر احمد ہاشی نے مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا ۔

جماعت اسلامی نے عوام کی خدمت کی ہے ۔عبد الستار افغانی مرحوم کی بلدیہ اور مئیر شپ کے دوران ہی کراچی کو حب ڈیم سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ۔نعمت اﷲ خان کے دور میں K-3اور K-4 کے منصوبے بنائے گے لیکن افسوس کے ان کے بعد کی سٹی حکومت اور صوبائی حکو مت نے K-4کے منصوبے کو تعطل کا شکار کر کے کراچی کی عوام کے ساتھ بڑا ظلم کیا۔انہوں نے کہا کہ آج پورے شہر میں پانی کی قلت ہے ۔

کراچی کی ضرورت کے حساب سے آدھا پانی مل رہا ہے اور جو مل رہا ہے وہ شہریوں کو ملنے کے بجائے ٹینکر مافیا کو دیا جارہا ہے ۔جو عوام کو مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں ۔ اس عمل میں حکومت اور واٹر بورڈ کا عملہ ملوث ہے ۔انہوں نے کہا کہ کے ۔الیکٹرک کی نجکاری پر جماعت اسلامی نے احتجاج کیا اور اس کی مخالفت کی لیکن ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی ملی بھگت سے کے ۔

الیکٹرک فروخت کر دیا گیا ۔جس کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا اور کے ۔الیکٹرک نے بھی معاہدہ نج کاری پر عمل درآمد نہیں کیا۔بجلی کی پیدا وار بڑھانے کا معاہدہ ہو ا تھا مگر ایک یونٹ بھی بجلی کا اضافہ نہیں کیا گیا اور آج عوام بجلی کی لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا ہیں ۔محمد اسلام نے کہا کہ کراچی کی عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی کی جارہی ہے ۔حکمرانوں نے عوام کو پانی کی بوند بوند کو ترسا دیا ہے ،جبکہ کینجھر جھیل میں پانی وافر مقدار میں موجود ہے لیکن یہ پانی کراچی کے شہریوں کو نہیں دیا جارہا ۔انہوں نے کہا کہ کے ۔الیکٹرک غریب عوام پر ظلم ڈھا رہی ہے اور عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ کے ۔الیکٹرک کی نج کاری منسوخ کر کے اُسے قومی تحویل میں دیاجائے۔

متعلقہ عنوان :