دہشتگردوں نے پیپلز پارٹی کے نہتے اور پر امن کارکنوں کو نشانہ بنا رکھا ہے، پی پی پی

جمعہ 29 مئی 2015 21:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری نجمی عالم ،ضلع ملیر کے صدر راجہ رزاق اور جنرل سیکریٹری ساجد جوکھیو ایم پی اے نے پیپلز پارٹی سٹی ایریا 127 کے سیکریٹری اطلاعات شریف لاشاری اور سرگرم کارکن انور بھٹو کی دہشت گردوں کے ہاتھوں ٹارگٹ کلنگ کی سخت مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ شریف لاشاری اور انور بھٹو کو جمعہ کی شام ملیر بکرا پیڑی کے پاس ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ۔

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے شریف لاشاری اور انور بھٹو کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے پیپلز پارٹی کے نہتے اور پر امن کارکنوں کو نشانہ بنا رکھا ہے اور سیاسی کارکنوں سمیت پروفیشنلز کو بھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشت گردوں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے ناپاک عزائم سے باز آجائیں، معصوم اور بے گناہ شہریوں کو قتل کرنا بند کر دیں۔

بصورت دیگر عوام کی طاقت سے ایسے دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے گا۔ پی پی پی کے رہنماؤں نے شریف لاشاری اور انور بھٹوکے اہل خانہ سے تعزیت کااظہار کیا اور دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے اور انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

متعلقہ عنوان :