میرے خلاف جھوٹی اوربے بنیادخبرنشرکی گئی،شرجیل میمن نے نجی ٹی وی چینل کو2ارب روپے ہرجانے کانوٹس جاری کردیا

جمعہ 29 مئی 2015 21:52

میرے خلاف جھوٹی اوربے بنیادخبرنشرکی گئی،شرجیل میمن نے نجی ٹی وی چینل ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے نجی ٹی وی چینل کو 2 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ مذکورہ ٹی وی چینل نے جھوٹی، بے بنیاد اور من گھڑت خبر نشر کی، 14 روز کے اندر اندر اگر ٹی وی چینل نے غیر مشروط طور پر اپنے ٹی وی چینل پر معافی نہیں مانگی تو نہ صرف ان کے خلاف ہرجانے کا دعوہ دائر کردیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے وکیل نے نجی ٹی وی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے بھیجے گئے نوٹس میں کہا ہے کہ ان کے موکل پاکستان کے ایک قانون پسند، تعلیم یافتہ اور معزز شہری ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عوامی منتخب رکن سندھ اسمبلی اور سندھ کی کابینہ کے معززرکن ہیں۔

(جاری ہے)

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ٹی وی چینل نے 29 مئی 2015کو اپنے چینل پر ایک جھوٹی اور من گھڑت خبر ان کے موکل شرجیل انعام میمن نے نام سے نشر کی، جس میں کہا گیا کہ ’’اہلکاروں نے شرجیل میمن کے پرائیویٹ سیکرٹری کو اپنی حراست میں لے لیا ہے اور اس کا ویڈیو بیان ریکارڈ کیا گیا ہے‘‘ اور ’’حساس اداروں کے اہلکار رقم اپنے ساتھ لے کر گئے ہیں‘‘۔

یہ ایک نہایت غیر ذمہ دارانہ اور بے ہودہ الزام ہے اور اس سے نہ صرف ان کے کلائنٹ شرجیل انعام میمن کی شاخ کو نقصان پہنچا ہے بلکہ اس خبر سے پیمرا قوانین کی بھی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ شرجیل انعام میمن کے وکیل نے کہا ہے کہ شرجیل انعام میمن کے گھر پرنہ ہی کسی قسم کا کوئی چھاپہ پڑا ہے اور نہ ہی ان کے پرائیویٹ سیکرٹری کو حراست میں لیا گیا ہے۔ شرجیل انعام میمن کے وکیل کی معرفت ٹی وی چینل کے سی ای او کو بھیجے گئے نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ وہ اس جھوٹی اور بے بنیاد خبر کے حوالے سے فوری طور پر اپنے نیوز چینل پر اس کی معذرت کرے۔

اگر 14 روز کے اندر اندر ایسا نہ کیا گیا تو ان کو 2 ارب روپے کے ہرجانے کے نوٹس کے ساتھ ساتھ دیگر قانونی کارروائیوں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا، جو کہ ان کے کلائنٹ کا آئینی اور قانونی حق ہے۔