ڈسکہ میں پیش آنیوا لے اندوہناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، فائرنگ کے ذمہ دار ایس ایچ او کوگرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا

قانون کے محافظ کو کسی بھی صورت قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے تھا،ڈسکہ واقعہ میں انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے 3 برس کے دوران پنجاب کی تمام بار ایسوسی ایشنز میں ڈیجیٹل لائبریریوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا‘وزیراعلیٰ کی وکلاء کے وفد سے گفتگو

جمعہ 29 مئی 2015 21:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب کی بار ایسوسی ایشنز کے دفاتر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ڈیجیٹل لائبریریوں کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 برس کے دوران پنجاب کی تمام بار ایسوسی ایشنز میں ڈیجیٹل لائبریریوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا،آزاد عدلیہ کی بحالی کیلئے وکلاء برادری کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،قانون اورآئین کی حکمرانی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے وکلاء کا کردار شاندار ہے،عوام کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کو ہر اول دستے کا کردار ادا کرنا ہے،تھانہ و کچہری میں عام آدمی کی شنوائی کیلئے مشترکہ بصیرت اور اجتماعی کاوشوں کو بروئے کار لا کر بہتری لانا ہے،انصاف کے حصول کو آسان بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کرنے میں وکلاء برادری کو آگے آنا ہو گا، ڈسکہ میں پیش آنے والے اندوہناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،پنجاب حکومت جاں بحق ہونے والے وکلاء کے لواحقین اور وکلاء برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس امر کا اعلان یہاں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر شیح محمد سلیمان کی قیادت میں وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا-وزیراعلیٰ شہبازشریف اورہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے وفدنے ڈسکہ میں جاں بحق ہونیوالے وکلاء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمی وکلاء کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وکلاء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے ڈسکہ کے افسوسناک واقعہ کے بعد فوری اور موثرایکشن لیا ہے-فائرنگ کرنے والے ایس ایچ او کو فوری گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا-مقدمے کا چالان 14روز میں عدالت میں پیش کرنے کیلئے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں-قانون کے محافظ کو کسی بھی صورت قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے تھا-ڈسکہ واقعہ میں انصاف کو ہر صورت یقینی بنائیں گے -وزیراعلیٰ نے کہاکہ تھانہ و کچہری میں نا انصافی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا-وکلاء،پولیس، پراسیکیویشن اور ایڈووکیٹ جنرل کے اداروں کو مل بیٹھ کر اس فرسودہ نظام کو بدلنے کیلئے قابل عمل سفارشات سامنے لانی ہیں-تھانہ و کچہری کی سطح پر چیک اینڈ بیلنس کے ساتھ احتساب انتہائی ضروری ہے-انہوں نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے کہ آج بھی عام آدمی کو سستا اور فوری انصاف نہیں مل رہا-انصاف کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے میرٹ کی حکمرانی کو یقینی بنارہے ہیں-وزیراعلیٰ نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کو گرانٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ای لائبریریوں کے قیام کیلئے فی الفور کام کا آغاز کیا جائے گا- وزیراعلیٰ نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے دیگر مطالبات پر ہمدردانہ غور کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی 14روز میں تمام مطالبات کاجائزہ لے کر سفارشات پیش کر ے گی- ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی وفد کے اراکین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف ایک عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں - راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کوریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا کریڈٹ شہبازشریف کو جاتا ہے -وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری فیصل بٹ، سینئرنائب صدر منظور مغل، جوائنٹ سیکرٹری راجہ نصرت جنجوعہ، ایڈیشنل سیکرٹریز راجہ جواد ارسلان، نورین کوثر مغل اوردیگر عہدیداران راجہ ظہور منظور، اعجاز ہمدانی، حنا نعمان،عامر عباس ملک، چودھری تنویر احمد اوردیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ، رانا مشہوداحمد، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سیکر ٹری قانون، سیکرٹری صحت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :