تجاوزات کے خلاف مہم ہر قیمت پر جاری رکھی جائیگی ، صوبے کا ہر شہر تجاوزات سے پاک کشادہ اور خوبصورت بنایا جائے گا،صوبائی سیکرٹری بلدیات ترقی جمیل احمد

جمعہ 29 مئی 2015 21:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء )خیبر پختونخوا کے سیکرٹری بلدیات ،انتخابات ویہی ترقی جمیل احمد نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف مہم ہر قیمت پر جاری رکھی جائیگی اور صوبے کا ہر شہر تجاوزات سے پاک کشادہ اور خوبصورت بنایا جائے گا۔اپنے دفترمیں تجاوزات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پشاور میں انسداد تجاوزات کا دوسرا مرحلہ ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ پشاور کے لئے نیا چیلنج ہے جسے بروقت اور خوش اسلوبی سے نمٹانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلبہار پولیس سٹیشن اور یونیورسٹی ٹاؤن میں لیڈیز کلب کی تجاوزات گرانا اس بات کا ثبوت ہے کہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں اور اس ضمن میں کوئی دباؤ یا اثر و رسوخ برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور چیف سیکرٹری امجد علی خان نے کلین اور گرین پشاور اور اپ لسٹ پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے انتظامیہ کو فری ہینڈ دیا ہے اس لئے کسی کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تجاوزات کے خلاف مہم بلدیاتی انتخابات کے بعد بھی جاری رہے گی اور اگلے مراحل میں تجاوزات کا باعث بننے والی مزید بڑی عمارات گرانے سے گریزنہیں کیا جائے گا۔دریں اثناء صوبائی حکومت نے جمرودروڈکے حیات آباد فیز تھری چوک پر جدید فلائی اوور کی تعمیر کا حتمی فیصلہ کیا ہے فلائی اوور کی تعمیر کی ذمہ داری نیشنل لاجسٹک سیل کے حوالے کر دی گئی ہے اس ضمن میں پی ڈی اور این ایل سی کے مابین معائدہ ہوا جس کی رو سے این ایل سی فیزتھری پر ٹو لیول جدید فلائی اوور ایک ارب87کروڑ 74لاکھ روپے کی لاگت سے اگلے چھ مہینے میں مکمل کرے گا۔

این ایل سی کی جانب سے ڈائریکٹر انجینئرنگ بریگیڈیئر (ر)مسعود اختر اور لیفٹیننٹ کرنل (ر) ذوالفقار احمدعباسی جبکہ پشاور ترقیاتی ادارہ کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل امین الدین اورڈائریکٹر روڈز اعجاز افضل نے دستخط کئے۔سیکرٹری بلدیات جمیل احمدنے منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کی ہدایت کی ہے۔