پیماکے تین ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم نیپال میں زلزلہ زدگان کیلئے طبی خدمات انجام دینے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی

جمعہ 29 مئی 2015 21:26

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن(پیما)کے تین ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم نیپال میں زلزلہ زدگان کیلئے طبی خدمات انجام دینے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ۔ وفد میں کراچی، ملتان اور راجن پور کے 3سینئر کنسلٹنٹ اور ایک جنرل سرجن شامل تھے۔ وفد کی قیادت پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر احمد فواد نے کی۔ پاکستانی ڈاکٹرز نے اپنے 10روزہ قیام کے دوران دارالحکومت کٹھمنڈو سمیت ضلع گورکھا،ضلع سندھاپال چکاور دھرمسالا میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا اور متاثرین میں دیگر تحائف تقسیم کئے۔

پیما کی نیپالی زلزلہ متاثرین کی طبی خدمات کے لئے اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن آف نیپال کے تعاون سے 4مختلف اضلاع میں فری کیمپس کا انعقاد کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پروفیسر احمد فواد نے بتایا کہ اس دورے کا مقصد نیپال میں زلزلہ کی تباہ کاریوں کا جائزہ لے کر میڈیکل ریلیف کے ضمن میں حکمت عملی تیار کرنا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پیما کے ڈاکٹرز نے الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کی ٹیم کے ہمراہ 8میڈیکل کیمپس کا بھی انعقاد کیا جس کے دوران 750مریضوں کا معائنہ کر کے انہیں ادویات فراہم کی گئیں۔ وفد نے پختاپور میں قائم پاکستان آرمی کے فیلڈ ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور کٹھمنڈو میں پاکستانی ہائی کمشنر سے بھی ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :