کے الیکٹرک نے22ارب روپے مالیت کے مکمل ادا شدہ صُکوک جاری کر دئیے

پاکستان میں سب سے بڑے صکوک ہیں،مسلسل اعتماد کے لیے کمپنی کا اپنے اسٹیک ہولڈرزسے اظہار تشکر

جمعہ 29 مئی 2015 21:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) کے الیکٹرک اس بات کا فخریہ اعلان کرتی ہے کہ کمپنی نے 2ارب روپے مالیت کے گرین شو آپشن سمیت 22ارب روپے مالیت کے صُکوک جاری کر دئیے ہیں۔یہ بات کے الیکٹرک کی جانب سے میڈیا کو جاری کردہ پریس ریلیزمیں بتائی گئی ہے۔اِن صُکوک کی سبسکرپشن اجراء کے پہلے دن ہی مکمل ہو گئی تھی۔ صکوک 7سال کی مدت کے لیے جاری کیے گئے ہیں اور JCR -VIS کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی لمٹیڈ کی جانب سے AA+ریٹنگ کے حامل ہیں۔

یہ پاکستان کی کارپوریٹ تاریخ کے سب سے بڑے لسٹڈ صُکوک ہیں اور سرمایہ کاروں کو اُن کی سرمایہ کاری پر نفع بخش افادیت فراہم کر تے ہیں۔ اِنہیں جون 2015ء تک کراچی اسٹاک ایکسچینج میں لسٹ کرا لیا جائے گا۔ کے الیکٹر ک کے ترجمان کے مطابق حکمت عملی سے بھرپور اِس اقدام سے کے الیکٹرک کو دوررس فوائد حاصل ہوں گے جن میں اِس کی طویل المعیاد کاروباری حکمت عملی پر عمل درآمد بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

ان صُکوک سے کمپنی کو اس کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے منصوبوں ، جن میں پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور کارکردگی میں بہتری، ترسیل و تقسیم کے نظام کو مضبوط بنانا، نظام کے قابل بھروسہ ہونے کو مزید بہتر بنانا اور نقصانات میں کمی جیسے منصوبے شامل ہیں، سرمایہ فراہم ہو گا۔کے الیکٹرک کے ترجمان نے مزید کہا کہ کے ای کی انتظامیہ مسلسل اعتماد کے لیے اپنے اسٹیک ہولڈرز کی شکرگزار ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اجراء کے دن ہی کے الیکٹرک صُکوک کی مکمل سبسکرپشن ریٹیل اور ادارتی سرمایہ کاروں کی جانب سے کے الیکٹرک پر بطور ادارہ ، اس کی انتظامیہ اور ترقی کے حوالے سے اس کی ٹھوس حکمت عملی پراعتماد کا اظہارہے۔اِن ُصکوک کا ڈھانچہ ٹرانزیکشن شرعیہ ایڈوائزری بورڈ نے منظور کیا ہے جس میں پروفیسر مفتی منیب الرحمن ، ڈاکٹر محمد عمران اشرف عثمانی، مفتی محمد یحیٰ عاصم اور مفتی ارشاد احمد اعجاز جیسے ملک کے جید علماء اور مفتیان کرام شامل ہیں۔کے الیکٹرک کو یقین ہے کہ یہ ُصکوک اسلامی انسٹرومنٹس پر مبنی کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کے لیے راہ ہموار کریں گے۔