لوڈ شیڈنگ میں اضافہ،پانی کا بحران برداشت سے باہر ہوچکا،جمیل الرب

K-4 کا اعلان کرکے احسان نہیں کیا جارہا ،سالوں پہلے شروع ہونا چاہئے تھا، 25ارب کے K-4منصوبے کیلئے 27کروڑ مختص کرنا وفاق کی کراچی دشمنی ہے

جمعہ 29 مئی 2015 21:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات جمیل الرب نے لوڈ شیڈنگ دورانئے میں اضافے اور پانی کے بدترین بحران پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اوربجلی کی بندش کی وجہ سے صنعتی سرگرمیاں رک گئی ہیں ۔چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر اورنگی ٹاؤن سے آنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ KESCکی نجکاری کے بعد سے ابتک دو بار نام کی تبدیلی ہوئی لیکن بجلی فراہمی کی صورتحال بدسے بدتر ہوگئی ،نئے پاور جنریشن کی تنصیب تو دور کی بات ،بوسیدہ تاروں کی تبدیلی ،کنڈہ سسٹم کا خاتمہ ،تنصیبات کی مرمت سمیت ہر جگہ مجرمانہ غفلت برتی گئی جس کے نتیجے میں شہر میں 15گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول بن چکی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں جمیل الرب نے کہا کہK-4منصوبہ سالوں پہلے شروع ہونا چاہئے تھا جو حکمراں پیپلز پارٹی اور مافیا جماعت کی ملی بھگت کی وجہ سے نہیں بن سکا ،اب اس منصوبے کا اعلان کرکے احسان نہیں کیا جارہا ،پانی بنیادی حق ہے اور شہری اپنا حق مانگ رہے ہیں ۔جمیل الرب نے کہا کہ سندھ حکومت تو کراچی دشمنی میں ہمیشہ دو قدم آگے رہی ہے لیکن وفاقی حکومت بھی کسی سے پیچھے نہیں ،25ارب کے K-4منصوبے کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صرف 27کروڑ مختص کرنا وفاق کی کراچی دشمنی ہے جس کی وجہ سے یہ منصوبہ شائد 25سالوں میں بھی مکمل نہ ہوسکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانی و بجلی کے بحران کو ختم کرنے کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا کیونکہ یہ صرف دو کروڑ شہریوں کا مسئلہ نہیں ہے ،شارٹ فال سے ملک کو ملنے والا 67فیصد ریونیو خطرے میں ہے جس کا اسوقت ملک متحمل نہیں ہوسکتا۔

متعلقہ عنوان :