پاک چین اقتصادی راہداری سے ملک ترقی کرے گا اور خوشحالی آئے گی، امیر بھنبھرو

18 ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو حاصل صوبائی خودمختیاری پر مکمل اور آئین کی روح کے مطابق عمل کرے اور صوبوں کو مکمل اختیارات دیئے جائیں

جمعہ 29 مئی 2015 21:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) سندہ نیشنل پارٹی کے سربراہ امیر بھنبھرو نے قومی قیادت کی طرف سے پاک چین اقتصادی راہداری پر اتفاق رائے کرنے اور اس کی منظوری کے عمل کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ملک ترقی کرے گا اور خوشحالی آئے گی۔اپنے جاری کئے گئے بیان میں امیر بھنبھرو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت تمام ترقیاتی منصوبوں میں چھوٹے صوبوں کو نظر انداز نہیں کرے جس سے صوبوں کے عوام میں احساس محرومی پیدا ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چائنا کی طرف سے پاکستان میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ایک قابل تعریف عمل ہے اور اس سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا عمل شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ بیرونی اور اندرونی عوامل نہیں چاہتے کہ پاکستان میں اقتصادی ، معاشی، اور سماجی ترقی ھو۔

(جاری ہے)

اس لئے وہ پاکستان کے اندرونی حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن پاکستان نہ صرف پاکستان کے عوام بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں ہے اگر پاکستان میں امن ہوگا تو پوری دنیا میں امن ہوگا کیونکہ پاکستان پوری دنیا میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

امیر بھنبھرو نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ18 ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو حاصل صوبائی خودمختیاری پر مکمل اور آئین کی روح کے مطابق عمل کرے اور صوبوں کو مکمل اختیارات دیئے جائین تاکہ صوبوں سے احساس محرومی ختم ہو اور جو بھی ملکی سطح کے معاملات ہوتے ہیں ان میں صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے ۔ امیر بھنبھرو نے کہا کہ فیڈریشن کی مضبوطی کے لئے ضروری ہے کہ صوبوں کو مکمل اختیارات دیئے جائین امیر بھنبھرو نے کہا کہ چائنا سے کئے گئے معاہدوں میں سندہ کو کم منصوبے ملے ہیں۔

اور سندہ میں سخت بھوک، افلاس اور بے روزگاری ہے۔ سندہ میں پسماندگی بھی زیادہ ہے اس لئے وفاقی حکومت کو چاہئے کہ این ایف سی ایوارڈ سمیت دیگر وسائل میں سندہ کو 18 ویں ترمیم کے تحت مکمل اختیارات دیئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :