Live Updates

(ن) لیگ کی حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کے باعث معیشت میں استحکام آیا ہے،پٹرولیم مصنوعات اور بجلی سستی کرکے عوام کو ریلیف دیا گیا ہے، آئندہ 3 برس کے دوران توانائی کے متعدد منصوبے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہوں گے

وزیراعلیٰ پنجاب کی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو شہباز شریف نے انتھک محنت سے پنجاب میں عوامی فلاح کے لاتعداد منصوبے مکمل کئے ہیں ،سردار ایاز صادق

جمعہ 29 مئی 2015 20:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ (ن) لیگ کی حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کے باعث معیشت میں استحکام آیا ہے،پٹرولیم مصنوعات اور بجلی سستی کرکے عوام کو ریلیف دیا گیا ہے، آئندہ 3 برس کے دوران توانائی کے متعدد منصوبے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہوں گے۔ وہ جمعہ کو یہاں قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کے باعث معیشت میں استحکام آیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت تمام اہم قومی امور پر اتفاق رائے سے آگے بڑھ رہی ہے اور ہمارا ہر قدم عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک میں پنجاب حکومت کے اپنے وسائل سے لگائے گئے بجلی گھر سے 100 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ توانائی کے حصول کے دیگر منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور آئندہ 3 برس کے دوران توانائی کے متعدد منصوبے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہوں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے صوبے میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو سراہا اور کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف زبردست ترقیاتی ویژن رکھتے ہیں اور انہوں نے انتھک محنت، عزم اور قومی جذبے سے صوبہ پنجاب میں عوامی فلاح کے لاتعداد منصوبے مکمل کئے ہیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات