میڈیا کرپشن کے خاتمہ کیلئے مزید موثر کردار ادا کرے ، نیب ’’ کرپشن سے انکار ‘‘ کے حوالے سے نیب کی مہم قابل تحسین ہے ، نیب غیر جانبدارانہ طریقے سے اپنا کردار ادا کرے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید ڈپٹی چیئرمین نیب کی سربراہی میں ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو

جمعہ 29 مئی 2015 20:52

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے میڈیا کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے اور میڈیا کو اس سلسلے میں مزید موثر کردار ادا کرنا چاہیے ، ’’سے نو ٹو کرپشن ‘‘ کرپشن کے حوالے سے نیب نے عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے جو مہم شروع کررکھی ہے وہ قابل تحسین اور نیب کو چاہیے کہ وہ غیر جانبدارانہ طریقے سے اپنا کردار ادا کرے ۔

وہ جمعہ کو یہاں ڈپٹی چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) سعید احمد سرگانہ کی سربراہی میں ملاقات کرنیوالے نیب کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔ نیب کے حکام نے وفاقی وزیر کو نیب کی طرف سے عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے سے نو ٹو کرپشن کے پیغام کو عوام میں پھیلانے کے حوالے سے اب تک کی کوششوں اور حکمت عملی سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا کا معاشرے اور حکومتی اداروں سے کرپشن کے خاتمہ میں اہم کردار ہے اور میڈیا کی خبروں کی وجہ سے کرپشن کے کیسز منظر عام پر آتے ہیں ۔

وفاقی وزیر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اپنے اس کردار کو جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دو سال کے دوران مسلم لیگ (ن) کے حکومت کے علاوہ کرپشن کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا اور مسلم لیگ (ن) شفاف طریقے سے پالیسیاں تیار کرکے معاملات کو چلارہی ہے ، وفاقی وزیر نے نیب کی شعور بیدار کرنے سے متعلق مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مہم ایک قومی خدمت کے مترادف ہے اور توقع ہے کہ اس مہم کے نتیجے میں معاشرے میں کرپشن کے خاتمہ میں مدد ملے گی ۔