مسلم لیگ ن کا بلدیاتی الیکشن میں ہر گلی میں مخالفین سے ٹی ٹونٹی میچ ہوگا ،عابد شیر علی

پاکستان کیطرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھ نکال دی جائے گی،یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے ، ،وزیر مملکت پانی و بجلی کا تقریب سے خطاب

جمعہ 29 مئی 2015 20:46

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا وہ اہم ترین دن ہے جب وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے اپنے بدترین دشمن کے جواب میں سات ایٹمی دھماکے کرکے ملک کو دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزراء پاکستان کے خلاف طرح طرح کے راگ الاپ رہے ہیں کیونکہ انہیں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری اور ملکی معیشت کے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی تکلیف ہے لیکن پاکستان کے عوام اور فوج انکے ارادوں کو ناکام بنا دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل میں یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کاشف رندھاوا، جاوید بٹ، ضلعی صدر خالد سیال، جنرل سیکرٹری عاصم راٹھور و دیگر بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کا ساتھ دینے کی بات کرنیوالے یہاں دہشت گردی کے ذمہ دار ہیں لیکن وہ یاد رکھیں پاکستان کیطرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھ نکال دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کچھ لوگ اسلام آباد کی سٹرکوں پر جا بیٹھے اور تھرڈ ایمپائر کو پکارتے رہے ان لوگوں نے نوجوانوں کا مستقبل تاریک کرنے کی کوشش کی ہے، پچیس سیٹوں والے 180سیٹوں والوں کو للکار رہے ہیں مسلم لیگ ن اپنے مینڈیٹ کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت پشاور انٹر چینج کے قریب ایک پل پونے دوسال میں نہیں بنا سکی شہباز شریف اتنے عرصے میں ایسے دس ہزار پل بنا دیتے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کے خاتمہ کے خواب دیکھنے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ آئندہ تین سال بھی حکومت پاکستان کی ہوگی اور اس سے اگلے پانچ سال بھی وہی وزیر اعظم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو راولپنڈی سے جڑواں شہروں کے لوگ معمولی کرایہ دے کر سفر کر سکیں گے ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کی طرح بلدیاتی الیکشن میں بھی ن لیگ جیتے گی مسلم لیگ ن کا بلدیاتی الیکشن میں ہر گلی میں مخالفین سے ٹی ٹونٹی میچ ہوگا اور ن لیگ کے چوکے چکھے روکنے کے لئے انکے پاس فیلڈر بھی نہیں ہوں گے۔

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی نے کہا کہ حکومت نے ملک کوترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا ہے جسے اب کوئی نہیں روک سکتا ۔ انہوں نے واضع کیا کہ گجرات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے نوجوانوں کا شہر ہے اگلے بلدیاتی الیکشن میں یہی نوجوان امیدوار ہوں گے اور ایک نئی قیادت کی شکل میں سامنے آئیں گے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے یوم تکبیر پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کی قیادت نے 1998میں تمام دباؤ اور لالچ مسترد کرکے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا جس کی وجہ سے آج کوئی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔