نواز شریف نے پاکستان کو جوہر ی توانائی سے ہمکنارکرکے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنادیا‘اکمل خان باری

جمعہ 29 مئی 2015 20:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) مسلم لیگ(ن) کے رہنما اکمل خان باری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جراتمندانہ قیادت نے پاکستان کو جوہر ی توانائی سے ہمکنارکرکے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنادیا اب وہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں پاک فوج ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح ملک دشمن عناصر کا قلع قمع کر رہی ہے ۔

اکمل خان باری نے کہا کہ یوم تکبیر کے موقع پر کامیاب ایٹمی دھماکے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جرات ، دلیرانہ فیصلے اور ایٹمی سائنسدانوں کی محنت کا ثمر ہیں جس نے پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قو ت بنایا ۔ انہوں نے کہاکہ اہل پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ اس وقت سیاسی اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے اور ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اقتصادی ترقی پر گامزن دیکھ کر ملک دشمن عناصر کے حوصلے پست ہوگئے ہیں اور وہ پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں کے زریعے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کی بہادر افواج ہر لمحہ چوکس ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طورپر پرامن اور ملکی دفاعی ضروریات کے مطابق ہے ۔ پاکستان ہمیشہ پرامن بقائے باہمی کا داعی رہا ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی امن ، استحکام اور ترقی پر مبنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر پور ی قوم کے لئے خوشی کا دن ہے اور جس طرح پاکستان مسلم لیگ نے ملک کے دفاع کو مضبوط کیا اسی طرح اب معاشی ترقی کے لئے بھی جدوجہد جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :