لاہور، چوتھی سہ روزہ بین الاقوامی انرجی نمائش کا افتتاح

نمائش میں پاکستان سمیت 14ممالک کے 100سے زائد نمائش کار شر یک حکومت پنجاب توانائی بحران کے خاتمے کیلئے انرجی کے قابل تجدید ذرائع کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔چوہدری شیرعلی

جمعہ 29 مئی 2015 20:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب توانائی کے بحران کے خاتمے اور معاشی و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ہائیڈل اور تھرمل بجلی کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹرکی شراکت داری سے شمسی، کوئلے اور ونڈانرجی کے قابل تجدید ذرائع اور جدید ٹیکنالوجیز کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

انہوں نے یہ بات آج لاہور ایکسپو سنٹر میں چوتھی سہ روزہ بین الاقوامی انرجی نمائش ایگو(EGO) 2015 کا باضابطہ افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پرائیویٹ سیکٹر سے نمائش کارحضرات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انرجی، گیس، پاور، آئل اور سولر ٹیکنالوجیز اور جدید آلات پر مبنی اس سہ روزہ انٹرنیشنل نمائش میں پاکستان سمیت 14ممالک کے 100سے زائد نمائش کار شرکت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

نمائش میں انرجی، گیس،پاور اور سولر کے شعبوں کی جدید ترین مصنوعات اور ٹیکنالوجیز کی نمائش کیلئے سٹالزلگائے گئے ہیں۔نمائش کا مقصد پاکستان میں نئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے انرجی کے بحران کے خاتمے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔ چین، امریکہ، بھارت،برطانیہ، جاپان، ترکی،جرمنی سمیت مشرقی یورپی ممالک کی انرجی کے شعبے سے وابستہ معروف کمپنیاں نمائش میں شرکت کر رہی ہیں۔

وزیرمعدنیات چوہدری شیر علی نے اس موقع پرکہاکہ انرجی، گیس، آئل ، پاور اور سولر پر ہونے والی چوتھی بین الاقوامی نمائش ایگو (EGO) سے پاکستان میں ملکی اور غیرملکی سطح پر سرمایہ کاری میں اضافہ اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا مثبت تشخص مزید بہتر بنانے میں بھرپور مدد ملے گی۔ انہوں نے توقع ظاہرکی کہ اس بین الاقوامی نمائش کے انعقاد سے مقامی صنعتکاروں کو انرجی کے شعبے کے غیرملکی ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال اور پاکستانی صنعت کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرنے میں بے حد مدد ملے گی۔

وزیرمعدنیات نمائش میں مختلف غیرملکی اور مقامی کمپنیوں کی طرف سے لگائے گئے سٹالز پر گئے اور انہوں نے وہاں توانائی کی پیداوار کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی اور آلات دیکھ کر انہیں بے حد سراہا۔نمائش میں انرجی کے شعبے میں 10ہزار سے زائد کاروباری ماہرین، تجارت پیشہ افراد، صنعتکاروں، سرمایہ کار اور دیگر دلچسپی رکھنے والے افراد کی شرکت کی توقع ہے۔

متعلقہ عنوان :