اسلام آباد، چینی صوبہ گوا نژانگ کے نائب گورنر مسٹر لیوزیجن کی قیادت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ

پاکستانی ہم منصوبوں کے ساتھ کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا

جمعہ 29 مئی 2015 19:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) چین کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے ایک وفد نے چین کے صوبے گوا نژانگ کے نائب گورنر مسٹر لیوزیجن کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستانی ہم منصوبوں کے ساتھ کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، اور کمیونیکیشن سمیت دیگر شعبوں کے نمائندگان شامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کے صوبے گوا نژانگ کے وائس گونر مسٹر لیوزیجن نے کہا کہ چین کا ایس ایم ای شعبہ پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے کا خواہاں ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کے عمدہ مواقع موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوانژانگ صوبہ اس سال اکتوبر میں ایس ایم ایز کے درمیان تعاون بڑھانے اور ان کی ترقی کیلئے بارواں چائنہ انٹرنیشنل ایس ایم ایز فیئر منعقد کرنے جا رہا ہے جس میں بہت سے ممالک سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایس ایم ای شعبے کیلئے یہ نمائش عالمی سطح پر کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے مواقع تلاش کرنے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو گا لہذا زیادہ سے زیادہ پاکستانی چھوٹے و درمیانے کے کاروباری ادارے اس میں شرکت کر کے اپنے کاروبار کو وسعت دینے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی تاجر برادری کے درمیان باہمی تعاون نہ صر ف دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ہو گا بلکہ اس سے پورے خطے کیلئے مفید نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے انٹرپرینیورز آپس میں مہارت ، تجربے اور وسائل کا تبادلہ کر کے فائدہ مند نتائج حاصل کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کو دعوت دی کہ وہ اپنا ایک وفد مذکورہ نمائش میں شرکت کرنے کیلئے بھیجے جس سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے چین کے وفد کو تفصیل سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب بحالی کی طرف گامزن ہے اور یہی مناسب وقت ہے کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان میں توانائی، انفراسٹریکچر کی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور معدنیات کی دریافت سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے انٹرپرینیورز پاکستان میں فیکٹریاں لگا کر اور ٹیکنالوجی منتقل کر کے منافع بخش نتائج حاصل کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے مابین طویل الدمت اور پائیدار کاروباری شراکتیں قائم کرنے کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی تاجر برادری کے درمیان مضبوط روابط سے نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے بلکہ عوام کا معیار زندگی بھی بہتر ہو گا۔ ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے پر چین کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔ اس موقع پر سوالات و جوابات کا سسلہ بھی ہوا اور چین کے وفد کے قائد نے پاکستانی تاجروں کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے۔

متعلقہ عنوان :