ایس این جی پی ایل کی مبینہ سستی اورپراسس کو پیچیدہ بنا ئے جانے کے باعث پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز مکمل طور پر نہ کھل سکے

مختلف مقامات پر جزوی طور پر سی این جی اسٹیشنز کھل گئے ، مکمل بحالی میں مزید دو سے تین روز کا وقت لگ سکتا ہے ‘ ذرائع

جمعہ 29 مئی 2015 19:40

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کی مبینہ سستی اورپراسس کو پیچیدہ بنا ئے جانے کے باعث پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز مکمل طور پر نہ کھل سکے ،مختلف مقامات پر جزوی طور پر سی این جی اسٹیشنز کھل گئے جبکہ پنجاب بھر میں مکمل بحالی میں مزید دو سے تین روز کا وقت لگ سکتا ہے ۔ حکومت کی طرف سے آٹھ ماہ کی طویل بندش کے بعد پنجاب کے سی این جی اسٹیشنز کو جمعہ کے روز دوبارہ سے گیس فراہمی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم ایس این جی پی ایل کی مبینہ سستی اور پراسس کو پیچیدہ بنائے جانے کے باعث پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز مکمل طو رپر نہیں کھل سکے ۔

ذرائع کے مطابق ایس این جی پی ایل کی طرف سے ایل این جی پر منتقلی کے باعث ڈیمانڈ نوٹس دئیے جانے میں تاخیر کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بعض سی این جی اسٹیشنز مالکان کے ذمے بقایا جات بھی ہیں جسکے لئے انہیں ادائیگی پر زور ڈالا جارہا ہے تاہم آٹھ ماہ کی بندش کی وجہ سے مالکان ادائیگی کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں ۔ سی این جی ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق سی این جی اسٹیشنز مالکان سے دوبارہ ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں رقم مانگنا زیادتی ہے لیکن اسکے باوجود مالکان ڈیمانڈ نوٹس دینا چاہتے ہیں لیکن سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کی طرف سے کسٹمر سروس سنٹر سستی کا مظاہرہ کر رہا ہے جبکہ دیگر معاملات کو بھی پیچیدہ بنا دیا گیا ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ بہت سے سی این جی اسٹیشنز مالکان سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کی انتظامیہ کے رویے کی وجہ سے تذبذب کا شکار ہیں وہ اس بات کا انتظار کر رہے ہیں جو مالکان پہلے ہی ادائیگیاں کرچکے ہیں انہیں گیس کی فراہمی اور انکا کاروبار چلنے کے بعد وہ ادائیگیاں کریں گے جسکی وجہ سے پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز کی اکثریت بند پڑی ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں مکمل سی این جی اسٹیشنز کھلنے میں مزید دو سے تین روز کا وقت لگ سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :