ٹیوٹامیڈیا انڈسٹری کوہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے ٹریننگ کورسز شروع کریگی

چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور چیئرمین میک سکندر حمید لودھی نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے

جمعہ 29 مئی 2015 19:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) ٹیوٹامیڈیا انڈسٹری کوہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے ٹریننگ کورسز شروع کرے گی۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز میڈیا ایڈوکیسی سینٹر کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے ۔ چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور چیئرمین میک سکندر حمید لودھی نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ۔اس مفاہمت کا مقصد ذرائع ابلاغ کی صنعت کیلئے ہنر مند افرادفراہم کرنا ہے ۔

تین ماہ دورانیہ میڈیا ٹریننگ شارٹ کورسزمیں کیمرہ مین ،نان لینئرایڈیٹر ، اورکنٹرول روم آپریٹر شامل ہیں ۔ان کورسزکو گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی پرنٹنگ اینڈ گرافک آرٹس میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پرمیں شروع کیا جائے گا اور مستقبل میں ٹیوٹا کے دیگر اداروں میں انڈسٹری کی مانگ کو پورا کرنے کیلئے ٹیوٹا اور میک کی باہمی رضامندی سے شروع کئے جائینگے ۔

(جاری ہے)

چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی،میک کے عہدیداران چیئرمین سکندر لودھی ، راؤ شاہد، زبیر احمد، جنرل مینیجرز ٹیوٹاعبدالقیوم، اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ،اعجاز حمید، ڈائریکٹر (آر اینڈ ڈی) ڈاکٹر افتخار حسین شاہ اور دیگر ٹیوٹا افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔مفاہمت کی یادداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عرفان قیصر شیخ نے کہاکہ ٹیوٹا اس پائلٹ پراجیکٹ کے لئے جگہ اور ٹریننگ میٹریل فراہم کرے گی جبکہ مشینری و دیگر آلات اور طلبا ء و اساتذہ کی تربیت فی ٹرینی لاگت میک کو اداکی جائے گی۔

یہ تین ماہ دورانیے کے شارٹ کورسز ہر خاص و عام طلبہ کیلئے پیش کئے جائینگے ۔ان کورسز میں داخلے کیلئے تعلیمی قابلیت انٹر میڈیٹ /میٹرک ہو گی۔ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ/پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن امتحان اور سرٹیفکیٹ فراہم کرینگے ۔ چیئرمین سکندر حمید لودھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نئے چینلز اور میڈیا گروپس کے متعارف ہونے سے میڈیا کی صنعت میں تیز ی آئی ہے جس کی وجہ سے اس صنعت میں تربیت یافتہ کیمرہ مین ،نان لینئرایڈیٹراورکنٹرول روم آپریٹر کی کمی کا سامنا ہے۔

میڈیا انڈسٹری کی مانگ اور تربیت یافتہ افراد ی قو ت کی کمی کے فرق کو نظر میں رکھتے ہوئے ٹیوٹا اور میک کے درمیان معاہدے سے اس کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ میک ٹیوٹا کو ان کورسز کی مارکیٹنگ اور ڈیزائننگ کے لئے بھر پور تعاون کریگا اور لاہور میں انڈسٹری میں زیر تربیت اور فارغ التحصیل طلبا کو انڈسٹری میں زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کرنے میں یقینی مدد فراہم کرے گی۔