مصالحتی اور ویلجز کمیٹیوں کی وجہ سے جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے،ایس پی سٹی احمد اقبال

پولیس اور عوام کے درمیان باہمی رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے ،چیف کوآرڈینیٹر چوہدری محمد یسیٰن مصالحتی و ویلجز کمیٹی کے اراکین سے مقررین کا خطاب

جمعہ 29 مئی 2015 19:39

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء)ایس پی سٹی احمد اقبال کی زیر صدارت سٹیزن پولیس کوآرڈینیشن کمیٹی (مصالحتی کمیٹی ) تھانہ آبپارہ اور ویلجز کمیٹیوں کا اجلاس آبپارہ کمیونٹی سنٹر میں منعقد ہوا ،اجلاس میں تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او عبدالرحمان ،مصالحتی کمیٹی کے چیف کوآرڈینیٹر چوہدری محمد یسیٰن ،ڈپٹی چیف کوآرڈینیٹر شیخ خضر الرشید ایڈووکیٹ ،مصالحتی کمیٹی کے ممبران سید محمد علی واسطی ،چوہدری اقبال ،اظہر اقبال ، سی ڈی اے مزدور یونین کے صدراورنگزیب خان ،راجہ محمد رفیق ،رشید ہزاروی ،لیاقت عباسی ،مصالحتی کمیٹی کے محرر اختر زیب ،تھانہ آبپارہ کے محرر ملک فاروق سمیت پولیس اہلکاروں نے شرکت کی ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی سٹی احمد اقبال نے کہا کہ آپ لوگوں کے تعاون سے پولیس کو مسائل حل کرنے اور شہری جرائم کے خاتمے میں مدد ملتی ہے ،کوشش کی جائے گی کہ مصالحتی کمیٹیوں ا ور ویلیجز کمیٹیوں کی تنظیم نو کر کے با اخلاق اورباکردار لوگوں کو لایا جائے اور تمام کمیٹیوں کو مزید فعال بنایا جائے ،انھوں نے کہا کہ آپ کے ارد گرد جو بھی مشکوک افراد نظر آئیں تو فوراً پولیس سے رابطہ کریں ،میرا موبائل آپ لوگوں کے لیے چوبیس گھنٹے کھلا ہے ،انھوں نے پولیس افسران کو تلقین کی کہ وہ عوام سے مکمل رابطے میں رہیں ،ہم انشاء اﷲ جلد ہی شہر میں امن عامہ اور جرائم کے خاتمے کے سلسلے میں شہرکے ہر محلے اور سب سیکٹرز میں کھلی کچہریاں لگائیں گے اور عوام کی آراء کے مطابق مثبت تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے دارلحکومت کو جرائم سے پاک کر کے امن کا گہوارہ بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے ،پولیس کے تمام افسران عوام سے محبت اور پیار سے پیش آئیں اور انکی شکایات کے لیے فوری اقدامات کریں ،اس موقع پر سٹیزن پولیس کوآرڈینیشن کمیٹی (مصالحتی کمیٹی ) تھانہ آبپارہ کے چیف کوآرڈینیٹر چوہدری محمد یسیٰن ،ڈپٹی چیف کوآرڈینیٹر شیخ خضر الرشید ایڈووکیٹ ، سید محمد علی واسطی ،چوہدری اقبال ،اظہر اقبال و دیگر نے ایس پی سٹی کی جانب سے نمائندہ اجلاس بلانے کو خوش آئند قراردیا اور کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان رابطے سے ملک سے دہشت گردی اور خصوصاً اسلام آباد سے جرائم کا خاتمہ ہو سکے گا ،انھوں نے کہا کہ ایس پی سٹی اور پولیس افسران کا رویہ عوام دوست ہے اوراگر اسی جذبے سے کام کیا جائے تو بہت جلد دارلحکومت سے عوام کی مدد سے جرائم کا خاتمہ ہو جائے گا ،تھانہ آبپارہ کی مصالحتی کمیٹی نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیااس نے سابقہ ادوار میں ہزاروں مصالحتی کیسز نمٹائے ہیں اور آئندہ بھی اﷲ تعالیٰ کی رضا کے لیے کام جاری رکھا جائے گا ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسی طرح کے مشترکہ اجلاس پر ماہ منعقد کیے جائیں گے ۔