جماعت اسلامی ملک سے اسٹیٹس کو صرف ختم کر سکتی ہے، کرپٹ اور لٹیرے حکمران ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ ر ہے ہیں،ملک میں جمہوریت کے نام پربدترین آمریت مسلط ہے،حکمران خود کو آئین و قانون اورہر احتساب سے بالا تر سمجھتے ہیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا منصورہ میں اجتماع جمعہ سے خطاب

جمعہ 29 مئی 2015 19:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک سے اسٹیٹس کو صرف جماعت اسلامی ہی ختم کر سکتی ہے ،جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان اس چیلنج کو قبول کرتے ہیں،اسلامی و فلاحی پاکستان کی منزل اب زیادہ دور نہیں ،عوام اسٹیٹس کو کی حامی اور سیکولر قوتوں کو 68سال سے آزما رہے ہیں لیکن ملک کے حالات سدھرنے کے بجائے دن بدن ابتر ہوتے جارہے ہیں،ملک میں آئین کی بالادستی ہے نہ میرٹ کی حکمرانی ۔

کرپٹ اور لٹیرے حکمران ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ ر ہے ہیں ۔غریب محنت کش باہر سے پیسہ کما کر ملک میں بھیجتے ہیں اور اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے ہوئے کرپشن کے بڑے بڑے کنگ قومی سرمائے کو لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کروادیتے ہیں ،غریب روٹی کے لقمے کو ترس رہے ہیں مگر بے حس ظالم حکمرانوں کو عوام کی ذرا برابر پروانہیں ۔

(جاری ہے)

وہ یہاں جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔

سراج الحق نے کہا کہ سانحہ ڈسکہ اورماڈل ٹاؤن جیسے واقعات اس ملک میں آئے روز پیش آتے ہیں ،درجنوں لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنا دیا جاتا ہے مگر ان کی ایف آئی آر درج کروانے کیلئے بھی دھرنا دینا اور مارچ کرناپڑتا ہے ،ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ،حکمران اپنے آپ کو آئین و قانون اورہر قسم کے احتساب سے بالا تر سمجھتے ہیں ،ملک میں جمہوریت کے نام پربدترین آمریت مسلط ہے ،انہوں نے کہا کہ کرپشن اور لوٹ کھسوٹ میں جس کا جتنا بڑا نام ہے اتنے ہی اعلیٰ عہدے پر وہ براجمان ہے ۔

قومی دولت لوٹ کر محل تعمیر کرنے والوں کو عوام بااثر سمجھ کر ووٹ دیتے ہیں کہ شاید وہ ان کے مسائل کی طرف بھی توجہ دیں گے مگر اقتدار میں آنے والے اپنی آنے والی نسلوں کیلئے دولت اکٹھی کرنا شروع کردیتے ہیں اور عوام کے حصہ میں ٹیکس اور بل دینے کے سوا کچھ نہیں آتا ،انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک حکمران عوام کے ساتھ یہی چوہے بلی کا کھیل کھیل رہے ہیں ۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ مظلوم عوام کو ظلم کے اس چنگل سے نجات دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔جماعت اسلامی کا ہر کارکن ظلم و جبر کے اس نظام کو الٹنے اورعوام کو ان ظالموں کے پنجے سے نکالنے کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے ،انہوں نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی اور قومی انتخابات میں عوام ان لیٹروں کو کندھوں پر بٹھانے اور زندہ باد کے نعرے لگانے کے بجائے ملک میں نظام مصطفے ٰ کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔

سراج الحق نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں اسلام کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روکنے کیلئے مسلم ممالک میں حقیقی قیادت کا راستہ روک رہی ہیں ،اسلام کو بدنام اور ایک ظالم و جابر نظام ثابت کرنے کیلئے وہ میڈیا کے ذریعے گمراہ کن پروپیگنڈا کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سر کاٹنے اور ہاتھ پاؤں کاٹنے کا واویلا کرکے وہ دنیا کو اسلام سے متنفر کر رہے ہیں تاکہ بدامنی کا شکار دنیا کوامن کے نظام سے دور رکھا جاسکے ،انہوں نے کہا کہ مغرب ظالمانہ سزاؤں کا شور مچا کر اسلام کو ایک ظالم مذہب ثابت کرنا چاہتا ہے مگر اس کے باوجود روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ اسلام قبول کرکے گمراہی سے نکل کر اسلام کی روشنی میں آرہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اسلام سراسر امن و محبت اور اخوت کا دین ہے جس میں تمام انسانوں کیلئے بھلائی ہی بھلائی ہے ۔

انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوامی رابطہ مہم جاری رکھیں اور ہر کارکن کم از کم ایک سو نئے ووٹر بنائے تاکہ آئندہ انتخابات میں بہت بڑی تبدیلی کے ذریعے ملک پر مسلط استحصالی نظام کا بوریا بستر گول کیا جاسکے۔