قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر شدید تشویش کااظہار ، حکومت سے معاملہ اقوام متحدہ میں ا ٹھانے کا مطالبہ

ا س قسم کی دھمکی آمیز بات بھارت کے پڑوسی ممالک اور خطے سمیت پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں،عالمی برادری کو جانناچاہیے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشتگردی کررہی ہے ، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں ارکان کاموقف

جمعہ 29 مئی 2015 19:07

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر کے دہشتگردوں سے نمٹنے کیلئے دہشتگردی کی حمایت کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کو عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھائے ، اس قسم کی دھمکی آمیز بات بھارت کے پڑوسی ممالک اور خطے سمیت پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں ۔

جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 2 میں شیخ روحیل اصغر کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر کے دہشتگردی کا جواب دہشتگردی سے دینے کے حوالے سے بیان پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ، کمیٹی نے کہا کہ بھارت وزیر دفاع کا متنازعہ بیان بھارت کے پڑوسی ممالک کے لئے خطرہ ہے اور یہ نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن و استحکام کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس معاملے کو عالمی برادری کے سامنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھائے ۔ کمیٹی نے کہا کہ دنیا کیلئے یہی وقت ہے کہ وہ اس بات کا یقین کرے کہ بھارت کی حاکمانہ پالیسیاں کیا خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے مسائل کا حل ہیں یا ان کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔ کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ عالمی برادری کو اب اس بات سے بھی آگاہ ہونا چاہیے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشتگردی کررہی ہے جبکہ پاکستان دہشتگردی سے نمٹ رہا ہے ۔

اجلاس میں اسفن یار ایم بھنڈارا ، میر دوستین ڈومکی ، شہریار اصغر ، سید مصظفیٰ محمود ، نواب علی وسان ، مسرت احمد زیب ، سنجے پروانی ، محمد اعجازالحق ، محمد جنید انور ، سعید احمد مانس اور ملک محمد عامر ڈوگر نے بھی شرکت کی ۔