الیکشن کمیشن کاکردارجانبدارانہ ہے،لکی مروت وٹانک میں صرف جماعت اسلامی کے جلسوں اورسراج الحق کے خطابات پرپابندی عائد کی گئی ہے،نائب صدرملی یکجہتی کونسل پاکستان آصف لقمان قاضی

جمعہ 29 مئی 2015 19:00

ڈیرہ اسماعیل خان ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) جماعت اسلامی پاکستان کے سابق مرکزی امیرقاضی حسین احمدمرحوم کے صاحبزادے ‘مرکزی رہنماجماعت اسلامی پاکستان اورنائب صدرملی یکجہتی کونسل پاکستان آصف لقمان قاضی نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کاکردارجانبدارانہ ہے۔لکی مروت وٹانک میں صرف جماعت اسلامی کے جلسوں اورسراج الحق کے خطابات پرپابندی عائد کی گئی ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے یونین کونسل چودھوان میں جماعت اسلامی کے ممبرتحصیل کونسل کے امیدوارمولاناحکیم عبدالمجیدبلوچ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام میں کیا۔اس موقع پر سابق ضلعی امیرجماعت اسلامی مولاناسلیم اﷲ ارشد‘حاجی بشیرہرگن‘سمیع اﷲ جان سابق امیدواراین اے47 ودیگرموجودتھے۔

(جاری ہے)

آصف لقمان قاضی نے کہاکہ وفاقی حکومت واضح موقف اختیارکرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی اکنامک زون قائم کرے۔

صوبہ خیبرپختونخواہ اپنی ضرورت سے زائدپن بجلی پیداکررہاہے۔اسے اس کاحق اورضرورت کے مطابق بجلی فراہم کی جائے۔انہوں نے کہاکہ حکومت وفاقی بجٹ میں عوام کوریلیف دیکرمہنگائی کے طوفان سے نجات دلائے تاکہ اشیاء خوردونوش سستی ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ آئی ڈی پیز کی واپسی اوربحالی کوممکن بنایاجائے۔وہ کئی سالوں سے کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی بسرکررہے ہیں۔چودھوان کی عوام نے آج ثابت کردیاہے کہ وہ واقعی تبدیلی کے خواہاں ہیں اور30مئی کے دن ترازوکے نشان پرمہرلگاکرایک قیمتی قومی فریضہ کوسرانجام دینگے۔اس موقع پر آصف لقمان قاضی کوعلاقہ کی روایتی لنگی بھی پہنائی گئی۔معززمہمان کوموٹرسائیکلوں وگاڑیوں کی ریلی کی صورت میں جلسہ گاہ لایاگیا۔