پاکستان عالمی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو بورڈ کا وائس چیئرمین منتخب

جمعہ 29 مئی 2015 18:59

پاکستان عالمی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو بورڈ کا وائس چیئرمین منتخب

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) پاکستان کو گزشتہ روز جنیوا میں ہونے والے عالمی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں وائس چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ایگزیکٹو بورڈ عالمی ادارہ صحت کا اعلی ترین ادارہ ہے۔ جو عالمی سطح پر صحت کے پروگرامز کے حوالے سے پالیسی سازی اور مالیاتی معاملات کے حوالے سے اہم فیصلے کرتا ہے۔

پاکستان کا اس بورڈ کا وائس چیئرمین منتخب ہونا اقوام عالم کی طرف سے پاکستان پر اعتماد کا عکاس کرتا ہے۔ پاکستان کا وائس چیئرمین کے عہدے پر انتخاب کئی مہینوں پر محیط وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس سے قبل پاکستان گاوی کے عالمی بورڈ پر بھی ممبر منتخب ہو چکا ہے۔ جہاں پر سیکرٹری وزارت قومی صحت محمد ایوب شیخ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو بورڈ میں 34 ممبران شامل ہیں جو کہ عالمی سطح پر صحت کے ماہرین اور مختلف حکومتوں کے اعلی عہدیدار شامل ہیں۔ پاکستان کو اس بورڈ میں امتیازی حیثیت حاصل ہے اور اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہو گا۔ اور پاکستان صحت کے حوالے سے عالمی سطح پر پالیسی سازی کا حصہ بن سکے گا۔ واضح رہے کہ وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے پہلے منعقد ہونے والی عالمی ہیلتھ اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کی اور صحت کے عالمی لیڈران سے فرداً فرداً ملاقاتیں کیں۔ جن میں دو طرفہ تعاون اور پاکستان کا صحت کے شعبہ میں علاقائی اور عالمی سطح پر پالیسی سازی میں دلچسپی پر تبادلہ خیال ہوا۔

متعلقہ عنوان :