اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کی ماحولیاتی تجزیاتی رپورٹ پرعوامی شنوائی 30جون کو ہوگی

جمعہ 29 مئی 2015 18:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) ایک کھرب 65ارب روپے کی لاگت سے لاہور میں تعمیر کئے جانے والے پاکستان کے پہلے27کلو میٹر طویل لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کی ماحولیاتی تجزیاتی رپورٹ کے بارے میں عوامی شنوائی 30جون2015بروزمنگل کودن 11:00 بجے الحمراء کلچرل کمپلیکس،قذافی سٹیڈیم،فیروزپور روڈ لاہور میں منعقد ہو گی -اورنج لائن ٹرین علی ٹاؤن رائے ونڈ روڈ سے براستہ ٹھوکر نیاز بیگ ‘ ملتان روڈ ‘ چوبرجی ‘ لیک روڈ ‘ میکلوڈ روڈ ‘ ریلوے سٹیشن ‘ جی ٹی روڈ ڈیرہ گجراں نزدرنگ روڈ انٹر چینج تک تعمیر کی جائے گی جس سے روزانہ اڑھائی لاکھ افراد استفادہ کریں گے-لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اس منصوبے کی ماحولیاتی اثرات رپورٹ ادارہ تحفظ ماحولیا ت پنجاب کو جمع کروا دی ہے۔

(جاری ہے)

ماحولیاتی اثرات جائزہ رپورٹ ریگولیشن مجریہ 2000ء ریگولیشن 10کے تحت عوامی شنوائی کا اہتمام کیا گیا ہے تا کہ اس منصوبے سے پیدا ہونے والی متوقع ماحولیاتی اور عوامی شکایات (اگر کوئی ہوں) کا جائزہ لیا جائے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ادارہ تحفط ماحول پنجاب کی طرف سے عوام الناس کو اس عوامی شنوائی میں شمولیت کے لئے دعوت عام دی گئی ہے کہ وہ اس پراجیکٹ کی منظوری کے حق یا مخالفت میں اپنی رائے یا تجاویز ڈائریکٹر ادارہ تحفظ ماحول پنجاب کو 30دن کے اندر اندر بھیج دیں۔

عوام کے استفادہ کے لئے ماحولیاتی اثرات کی جائزہ رپورٹ پنجاب پبلک لائبریری، شاہراہ قائدِاعظم،آفس لائبریری بمقام دفتر ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحول ای پی اے نیشنل ہاکی سٹیڈیم اوردفترچیف انجینئر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی 467-D-IIمین بلیوارڈ، محمد علی جوہر ٹاؤن، لاہور میں رکھ دی گئی ہیں۔