پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بچوں کو انکے خواب لوٹائے ہیں‘ قمر الاسلام

پیف کے مفت تعلیم کے منصوبوں کو مزید وسعت دیتے ہوئے 15سونجی سکولوں سے پارٹنرشپ کی جا رہی ہے‘چیئرمین پنجاب ایجو کیشن فاؤنڈیشن

جمعہ 29 مئی 2015 18:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اگلے مالی سال سے پارٹنر سکولوں کے ماہانہ واجبات میں سو روپے فی طالب علم اضافے کا فیصلہ کیا ہے ،اس اقدام کا مقصد پارٹنر سکولوں کی معاشی استطاعت میں بہتری لانا ہے تاکہ طالب علموں کو معیاری تعلیم کا فراہمی کا عمل جاری رہے۔اس حوالے سے پیف کے تعلیمی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گاتاکہ تعلیم اہداف بر وقت حاصل کیا جا سکیں۔

یہ بات چیئرمین انجینئر قمر الاسلام راجہ نے الحمرا آرٹس کونسل میں"سیلوٹ ٹو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن "کے موضوع پر منعقدہ تعلیمی سیمینار سے خطاب میں کہی۔ سیمینار میں مختلف اضلاع سے سکول پارٹنرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نجی سکولوں سے تعلیمی اشتراک کر کے فروغ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے۔

(جاری ہے)

پیف کی کوشش ہے کہ دوردراز ، پسماندہ اور سکولوں سے محروم علاقوں میں نجی پارٹنرز کے اشتراک سے مزیدسکول کھلوائے جائیں تاکہ وسائل سے محروم بچے تعلیم کو ترقی کی سیڑھی بنا کر آگے آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیف کے مفت تعلیم کے منصوبوں کو مزید وسعت دیتے ہوئے 15سونجی سکولوں سے پارٹنرشپ کی جا رہی ہے، اس طرح پیف کے توسط سے مفت تعلیم حاصل کرنے والے طالبعلموں کی کل تعداد 17لاکھ سے بڑھ کر 20لاکھ ہو جائے گی۔

پیف مفت تعلیم کا سب سے بڑا اور مفید پروگرام ہے جس نے معصوم بچوں کو انکے خواب لوٹائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیف نے پارٹنر سکولوں کی سہولت کے لیئے مختلف اصلاحات متعارف کروائی ہیں جن سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر مبنی اس ماڈل کے فروغ میں مدد ملی ہے اور اس طرح طالبعلموں کا بھی بھلا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سکول انفرا سٹرکچر میں بہتری لانے والے پارٹنر سکولوں کے لیئے خصوصی مراعات پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ طالبعلموں کو لائبریری اور سپورٹس گراؤنڈ کی سہولت میسر آئے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ دوسرا کیمپس بنانے کے لیئے کم سے کم فاصلہ آدھ کلو میٹر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹنر سکول تعلیم عام کر کے "پڑھو پنجاب ، بڑھو پنجاب "کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ تقریب سے مختلف سکول مالکان نے بھی خطاب کیا اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔