پاکستان اور بیلارس دفاع ،تجارت ، کھیل،معاشی اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر متفق

دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات اور تعاون کی یادداشتوں پر دستخط نواز شریف سے بیلارس کے صدر کی ملاقات ،وزیر اعظم نے والدہ کے انتقال پر تعزیت کی الیگزینڈر کی نواز شریف کو اگست میں دورہ بیلارس کی دعوت ،وزیر اعظم نے قبول کر لی بیلارس سے انتہائی قریبی تعلقات ہیں،الیگزینڈر کے دورہ پاکستان پر خوشی ہے،وفود کے تبادلوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ، دونوں ممالک کی باہمی تجارت کا حجم60 ملین ڈار ہے،پاک بیلارس کوچیمبر آف کامرس کے درمیان رابطے قائم کرنا ہوں گے،وزیر اعظم کی بیلارس کے صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس

جمعہ 29 مئی 2015 18:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) پاکستان اور بیلارس نے دفاع ،تجارت ،کھیل،معاشی اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات اور تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ،پاکستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم نواز شریف جبکہ بیلارس کے وفد کی قیادت الیگزینڈر لوکا شینگو نے کی ۔جمعہ کے روز وزیر عظم نواز شریف نے بیلارس کے صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیلارس کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ،بیلارس کے کسی سربراہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے ،الیگزینڈر کی پاکستان آمد پر بے حد خوشی ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ زراعت ،تجارت ،تعلیم ،کھیل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے اور علاقائی اور عالمی امور پر موثر کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلارس کے درمیان انتہائی قریبی تعلقات ہیں، بیلارس کے ساتھ دفاع ،معیشت ،تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کو بڑھانا ہوگا،بیلاس روس کے ساتھ روابط میں اضافے پر خوشی ہے،اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں ،وفود کے تبادلوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ، دونوں ممالک کی باہمی تجارت کا حجم60 ملین ڈار ہے،پاک بیلارس کوچیمبر آف کامرس کے درمیان رابطے قائم کرنا ہوں گے۔

اس موقع پر بیلارس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینگو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی کمپنیوں کو بیلا رس میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے جو خوش آئندہ ہے، وزیر اعظم نواز شریف اور پاکستانی وفد کو دورہ بیلارس کی دعوت دی ہے ان دوروں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط اور تعاون بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوں گے،اس سے قبل بیلارس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینگو وزیر اعظم ہاؤس پہنچے جہاں پر وزیر اعظم نواز شریف نے مہمان کا استقبال کیا ،اس موقع پردونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ بیلارس کے صدر کوایک چاق وچوبند دستے نے سلامی دی،مہمان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا ،دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفد کا تعارف کرایا اور فرداً فرداً مصافحہ کیا،دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقا ت ہوئی ،جس میں پاکستان اور بیلارس کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے دفاع ،تجارت ،معیشت اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ،ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے بیلارس کے صدر کی والدہ کے انتقال پر ان سے اظہار تعزیت کیا،، ملاقات کے بعددونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جبکہ دفاع ،تجارت ،کھیل ،معیشت اور اقتصادی تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ۔