ڈینگی وائرس سے بچنے کیلئے علماء سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار اداکرنا ہے‘وحید عالم

علاج معالجہ کے لئے حکومت صوبائی بجٹ کاساڑھے گیارہ فیصد خرچ کررہی ہے‘رکن قومی اسمبلی

جمعہ 29 مئی 2015 17:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) چیئرمین ڈینگی سرویلنس کمیٹی نشتر ٹاؤن ورکن قومی اسمبلی وحید عالم خان کہا ہے کہ ڈینگی کے تدارک کے لئے بھرپور کاوشیں کی گئیں اور ڈینگی کے خلاف جنگ ایک مسلسل عمل ہے - انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس سے بچنے کے لئے علماء سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار اداکرنا ہے-انہوں نے علماء کرام سے کہا کہ وہ اپنے خطبات میں عوام کو گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کی تلقین کریں تا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش نہ ہو اور ڈینگی بخار سمیت دیگر متعددی بیماریوں سے بچا جا سکے-نشتر ٹاؤن آفس میں ڈینگی سرویلنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی وحید عالم خان نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے خلاف حکومت پنجاب نے گزشتہ سال تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے اوراب بھی ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے صوبائی بجٹ کا ساڑھے گیارہ فیصد خرچ کررہی ہے -انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کے لئے امراض کی تشخیص اور علاج کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچاؤ کی تدابیر کو یکساں اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے تاکہ لوگ کم سے کم ہسپتالوں کا رخ کریں-اجلاس میں نشتر ٹاؤن انتظامیہ کے افسران کے علاوہ دیگر محکموں کے حکام نے بھی شرکت کی۔