زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورہ سے پاکستان میں دہشتگردی کا تاثر زائل کرنے میں مدد ملی ‘ عابد شیر علی

جمعہ 29 مئی 2015 17:46

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورہ سے پاکستان میں دہشتگردی کا تاثر زائل ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورہ سے پاکستان میں دہشتگردی کا تاثر زائل کرنے میں مدد ملی ہے ،شائقین کرکٹ کے جوش وجذبے کو بھی سراہتا ہوں جنہوں نے دہشتگردی کی مخصوص چھاپ کو مٹانے میں اہم کردار ادا کیا ،انشااﷲ وہ دن دور نہیں جب دیگر انٹر نیشنل کرکٹ ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قذافی اسٹیڈیم کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ پنجاب حکومت کو کریڈٹ دیتا ہوں جس نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ کے موقع پرسکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ۔ پاکستان کودہشتگردی کے ایک مخصو ص فریم میں بند کر دیا گیا لیکن زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورہ سے اس تاثر کو زائل کرنے میں مدد ملی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کریں تاکہ پاکستان کے ہوم گراؤنڈ زمیں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نو سال بعد کرکٹ اسٹیڈیم آیا ہوں اور پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی پر جذبات سے میری بھی آنکھوں میں آنسو آ گئے ۔انہوں نے شائقین کرکٹ کے جوش اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراؤڈ نے اپنے بھرپو رجوش سے پاکستان پرلگائی جانے والی چھاپ کو مٹانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔