28مئی ہمارے ملک کی آزادی ،سلامتی کیلئے سنگ میل ثابت ہوا ہے، ثاقب منان

آزادی بڑی نعمت ہے،28مئی 1998کا دن ملکی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے، ڈی سی او سرگودھا

جمعہ 29 مئی 2015 17:32

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء)ڈی سی او سرگودہا ثاقب منان نے کہا ہے کہ 28مئی ہمارے ملک کی آزادی اور سلامتی کیلئے سنگ میل ثابت ہوا ہے۔ آزادی بہت بڑی نعمت ہے ۔28مئی 1998کا دن ملکی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے۔ اس روز میاں محمد نواز شریف نے انڈیا کے مقابلے میں ایٹمی دھماکے کر کے ملک کی سلامتی اور دفاع کو نا قابل تسخیر بنا دیا ۔

اس ملک کو خطہ ارضی پر ساتویں ایٹمی طاقت کا اعزاز حاصل ہوا ۔ ہمیں اس دن کی اہمیت کی قدر کرنے کی ضرورت ہے اور عہد کرنا چاہئے کہ ہم ملک کی سلامتی ،دفاع اور تعمیر و ترقی کیلئے اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر بحیثیت قوم اپنا تعمیر ی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن شہریان شہر و ضلع سرگودہا کے زیر اہتمام انکے دفتر میں منعقدہ یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایم پی اے چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں،صدر انجمن تاجران خواجہ احمد حنیف ،جنرل سیکریٹری شیخ نعیم کپور ، چوہدری عمران احمد ، میاں زاہد ،شیخ گلزارحسین ، چوہدری عبدالرشید ، حسن یوسف اور شہباز خان کے علاوہ تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈی سی او نے کہا کہ اس دن کے منانے کا مقصد آزادی کی قدر کرنا ہے۔ تاکہ ہم بیرونی خطرات سے محفوظ رہیں ۔

دشمن شکلیں تبدیل کر کے ملک میں بد امنی پھیلانے اور عدم استحکام کیلئے سرگرم عمل ہے۔ایسے حالات میں ہمیں من حیث القوم اتحاد اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنے ہو گا۔قبل ازیں ایم پی اے چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں اورمسلم لیگی راہنما چوہدری عمران احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں اپنے گھوڑوں کو تیار رکھنے کا حکم ہے۔ ملک کا دفاع مضبوط ہو تو دشمن حملہ کرنے سے پہلے ہزار بار سوچتاہے۔

مسلم لیگ ن اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں ملک کو ایٹمی قوت میں تبدیل کر کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے ۔ میاں محمد نواز شریف نے کسی بیرونی دھمکی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ملکی سلامتی کیلئے جر ا ت مندانہ فیصلے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ شیخ نعیم کپور نے کہا کہ آج کا دن ملکی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھنے کے قابل ہے۔ اس دن ہماری اقوام عالم میں خود ار اور غیرت مند قوم کے طور پر پہچان ہوئی ۔ آج ہمیں ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کیلئے عہد کرنے کی ضرورت ہے۔