Live Updates

پشاور ٗ مصالحتی کمیٹیوں کو کام سے روکنے پر عمران خان کا افسوس کا اظہار

تحریک انصاف حکم امتناعی ختم کرانے کی بھرپور کوشش کرے گی ٗچیئر مین پی ٹی آئی اگر خواتین کچھ کرنے کا ارادہ کرلیں تو کوئی نہیں روک سکتا، خوا تین بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں ٗ جلسے سے خطاب

جمعہ 29 مئی 2015 17:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے خیبرپختونخواہ میں مقامی مصالحتی کمیٹیوں کو کام سے روکنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکم امتناعی ختم کرانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے حکم امتناعی پر ردعمل میں عمران خان نے کہا ہے کہ مصالحتی کمیٹیاں گاؤں اور دیہاتوں میں چھوٹے تنازعات کے حل کے لئے بنائیں گئی تھیں، تحریک انصاف کا منشور تھا کہ ہم عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کریں گے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا کہ ہم جس منشور کے تحت حکومت میں آئے اس پر کام سے نہیں روکا جاسکتا،مقامی افراد پر تشکیل کردہ جیوری پر مشتمل یہ کمیٹیاں تھانوں میں عوام کے مسائل حل کرتی ہیں اور گاوں دیہاتوں کے عوام ان کمیٹیوں کے کام سے خوش ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے حکم امتناعی سے عوام تک فوری انصاف کی فراہمی بند ہوجائے گی ٗ تحریک انصاف بھرپور کوشش کرے گی کہ پشاور ہائیکورٹ کا حکم امتناعی ختم کراسکے ادھر خپلو میں جلسے سے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں خواتین کو حقوق نہیں دیے جاتے،خواتین کچھ کرنے کا ارادہ کرلیں تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا،عمران خان نے کہا کہ ووٹ میں بڑی طاقت ہوتی ہے،جس سے قوموں کی تقدیر بدل جاتی ہے،خواتین بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں،عمران خان نے کہا کہ عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی تحریک انصاف کا منشور ہے،تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات جیت کر سب سے پہلے نئے اسکول کھولے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات