حنا پرویز بٹ نے پنجاب ڈینٹل ہسپتال کی خستہ حالی پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء کار جمع کرادی

پنجاب ڈینٹل ہسپتال کے آلودہ آلات ہیپاٹائٹس سمیت دیگر موذی امراض پھیلانے کا موجب بن رہے ہیں ‘تحریک التواء کار

جمعہ 29 مئی 2015 17:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) مسلم لیگ (ن)کی ممبرصوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پنجاب ڈینٹل ہسپتال کی خستہ حالی آلودہ آلات جو ہیپاٹائٹس سمیت موذی امراض پھیلانے کا موجب بن رہے ہیں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء کار جمع کرا دی ۔اپنی تحریک میں حنا پرویز بٹ نے کہا میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق کہ پنجاب ڈینٹل ہسپتال کے آلودہ آلات ہیپاٹائٹس سمیت موذی امراض پھیلانے کا موجب بن رہے ہیں جبکہ مانیٹرنگ کا نظام تباہ اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث آٹو کلیو عرصہ دراز سے خراب پڑاہے جبکہ ڈینٹل چیئرز بھی خستہ حال ہیں ۔

روزنامہ خبریں میں شائع خبر کے مطابق صوبائی دارلحکومت میں موجودپنجاب ڈینٹل ہسپتال میں گندگی سے بھری کرسیاں زنگ الودہ آلات مریضوں میں ہیپاٹائٹس سمیت دیگر موذی مرض پھیلانے کا موجب بن رہے ہیں جبکہ ہسپتال میں ٹوٹی پھوٹی ڈینٹل چیئرز آٹو کلیو مشین سالوں سے خراب پڑی ہیں۔

(جاری ہے)

مریض گندگی اور جراثیم سے آلودہ آلات سے علاج کرانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

محکمہ صحت کی جانب سے کروڑوں روپے کے فنڈز کے باوجود مانیٹرنگ سسٹم تباہ ہوگیاہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے ڈینٹل ہسپتال لاہور کو جدید انفراسٹرکچر سے مزین کیا گیا،روز مرہ استعمال ہونے والے آلات اور ادویات کے لئے ہر سال ایک کثیر بجٹ بھی دیا جاتا ہے لیکن آج تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ بجٹ کہا جاتا ہے چونکہ نہ تو بہتر آلات استعمال کئے جا رہے ہیں۔

ڈینٹل چیئر ز زنگ آلودہ اور ٹوٹی ہوئی ہیں حتیٰ کہ وہاں گندگی کا یہ عالم ہے کہ مریض وہاں جاتے ہوئے بھی گھبراتے ہیں اور صحت یاب ہونے کی بجائے مختلف موذی امراض لے کر واپس آتے ہیں ۔اس طرح حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود اور علاج معالجے کے لئے مزکورہ ہسپتال کو جو اتنی خطیر رقم دی جارہی ہے وہ خوردبورد ہوکر تادھر تا لوگوں کی جیبو ں میں جارہی ہے اور مریض خوار ہورہے ہیں ۔ اس خبر سے پنجاب بھر میں شدید خوف وہراس اور اضطراب پایا جاتاہے ۔